باجوڑ کے علاقے صدیق آباد میں دھماکا، اسسٹنٹ کمشنر سمیت 5 افراد شہید، 11زخمی

0214423146760c8.jpg

خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں تحصیل خار کے علاقے صدیق آباد پھاٹک، ناوگئی روڈ پر واقع میلہ گراؤنڈ کے قریب ایک افسوسناک بم دھماکے میں اسسٹنٹ کمشنر سمیت 5 افراد شہید جبکہ 11 زخمی ہو گئے ہیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) وقاص خان کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر نواگئی فیصل سلطان کی سرکاری گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ شہید ہونے والوں میں اسسٹنٹ کمشنر فیصل سلطان، تحصیلدار وکیل، اے ایس آئی نو حکیم، کانسٹیبل رشید اور ایک نامعلوم شہری شامل ہیں۔ تمام شہداء کی لاشیں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال خار منتقل کر دی گئی ہیں۔

ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ڈسٹرکٹ ہسپتال خار میں داخل کر دیا گیا ہے، جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ دھماکے سے ایک گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہے۔

پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ہے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن جاری ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق واقعے کی مکمل تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر، تحصیلدار اور دیگر قیمتی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور صوبائی حکومت لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کو اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے واقعے کی فوری تحقیقات کے احکامات جاری کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ذرائع کے مطابق بم دھماکے کے بعد باجوڑ اور گردونواح میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے جبکہ خفیہ ادارے اور پولیس مشترکہ طور پر واقعے کی تحقیقات میں مصروف ہیں۔
 

Back
Top