
اے آر وائی نیوز کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے حریم شاہ کے ٹیکس معاملات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
اسی معاملے پر ایف بی آر انٹیلی جنس، انویسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو نے ٹک ٹاکر حریم شاہ کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر کے انہیں 16 فروری کو طلب کر لیا ہے۔ ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ اگر حریم شاہ مقررہ تاریخ پر پیش نہ ہوئیں تو ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں گے۔ ایف بی آر کے مطابق حریم شاہ کے ٹیکس امورسے متعلق تحقیقات کا آغازکیا گیا ہے۔
یاد رہے گزشتہ دنوں ٹک ٹاکر حریم شاہ نے دھمکی دی تھی کہ بے بنیاد الزامات سے ان کے خاندان کو اذیت کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور اگر بے بنیاد تحقیقات نہ رکیں تو وہ مزید ویڈیوز اور آڈیوز جاری کر دیں گی۔ حریم شاہ اپنے بیان میں یہ بھی کہہ چکی ہیں کہ ان کی جائیداد بھی شوہر کے کھاتے میں ڈال دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ کچھ ہفتے قبل حریم شاہ نے برطانیہ میں کرنسی نوٹوں کے ساتھ ویڈیو شیئر کی تھی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔ جس میں وہ بڑی تعداد میں کرنسی نوٹ دکھا رہی ہوتی ہے اور بتا رہی ہوتی ہیں کہ کس طرح وہ یہ تمام رقم پاکستان سے برطانیہ لے کر آئی ہیں۔
ان کی اس ویڈیو کے بعد سے پاکستان میں ادارے ان کے خلاف متحرک ہیں اور ان کے بینک اکاؤنٹس بھی منجمد کر دیئے گئے تھے تاہم اس کے خلاف حریم شاہ کے شوہر نے عدالت سے سٹے آرڈر حاصل کر لیا ہے۔ ٹک ٹاکر تاحال برطانیہ میں ہی مقیم ہیں۔
حریم شاہ کی اس وائرل ویڈیو پر ایف بی آر حرکت میں آئی تھی اور ان کے خلاف تحقیقات کا فیصلہ کیا تھا۔ ایف آئی اے نے بھی اس ویڈیو پر تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے ویڈیو کا نوٹس لیا تھا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/hrm-shah.jpg