
لیگی رہمناؤں کی جانب سے بار بار کہا جاتا ہے کہ عمران خان لاڈلے ہیں ان کے خلاف کارروائی نہیں ہوگی، جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ میں میزبان نے وفاقی وزیر اور لیگی رہنما احسن اقبال سے سوال کیا کہ مریم نواز بھی کہہ چکی ہیں کہ عمران خان لاڈلے نہ ہوں تو تین دن میں ہی ٹھیک کردیں، کس طرف اشارہ ہے؟
وفاقی وزیر احسن اقبال نے ایک بار پھر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر شدید تنقید کردی، پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوئی سلیمانی ٹوپی ہے جو عمران خان کے گرد حصار باندھے ہوئے ہے ،اور یہ پوری قوم کیلیے معمہ ہے کہ وہ کون سی سلیمانی ٹوپی کا حصار باندھے ہوئے ہیں، وہ فوج اور عدلیہ کے خلاف بات کریں ، آئین کو توڑیں ، پارلیمنٹ کو بلڈوز کریں کوئی انہیں پوچھ نہیں سکتا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر خان صاحب کے خلاف کارروائی نہیں ہوئی تو پاکستان کی سیاست اس مقام پر ہوگی جو بڑھ کر گالی نکالے گا، اور کہے گا کہ مجھے کوئی ہاتھ نہیں لگا سکتا،یہ بڑا ایک خطرناک کھیل ہے جوپاکستان میں ہورہاہے، آپ جتھے بازی کریں، پاکستان کے آئین کے ساتھ کھیلیں، ملک کے ادروں کے ساتھ جو مرضی چاہیں کریں، کوئی نہیں پوچھے گا سب آپ سے ڈر جائیں گے،آپ مزے کے ساتھ دندناتے پھریں۔
شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ اگر یہ ہی صورتحال ہے، عمران خان کہہ چکے کہ اگر الیکشن کو تیار نہیں تو وہ آخری کال دیں گے،ان کی جماعت بھی واضح کرچکی ہے کہ پھر آرمی چیف کی تعیناتی متنازع ہوگی، کیا آپ کو پیغام دیا گیا ہے کہ راستہ نکالیں کوئی؟
احسن اقبال نے کہا کہ ہم نے مشکل معاشی فیصلے کیے ، یہ ہمارا حق ہے کہ معیشت کو مستحکم کرکے عوام کے سامنے جائیں،ایسا نہیں ہوسکتا کہ زہر ہم کھائیں اور حلوہ عمران خان کے سامنے چلا جائے ،ملک میں سیلاب اور مردم شماری کی وجہ سے آئندہ فروری سے پہلے الیکشن نہیں ہوسکتے،عمران خان کی ہر فرمائش پوری نہیں ہوسکتی، کہ وہ کہیں ملک ان کے اشارے پر چلے،ہر کسی کو گالی دے ، دباؤ ڈالے ایسا نہیں ہوسکتا،یہ پاکستان ہے بنانا ری پبلک نہیں ہے، ہماری اولین ترجیح سیلاب متاثرین کی مدد ہے۔
آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے کہا کہ نواز شریف نے جس آرمی چیف کی تعیناتی کی ، آپ پھر اسی کو توسیع دینے کی بات کررہے ہیں، عمران خان کو بیان دینے کے ساتھ پولی گرافک ٹیسٹ لازمی کرانا چاہئے۔