
حکومت کے خلاف متحرک اپوزیشن نے عدم اعتماد اور اس کے بعد کے معاملات کے حوالے سے مزید اہم فیصلے کرلیے ہیں۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق متحدہ اپوزیشن نے عمران خان کی حکومت کو گھر بھیج کر متوقع نئے نظام کے حوالے سے مزید فیصلے کرلیے ہیں، ان فیصلوں میں حکومتی اتحادی جماعت ق لیگ کو بھی اپوزیشن کے ساتھ ملانے کا فارمولا طے کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اپوزیشن نے ق لیگ کو اپنے ساتھ ملا کر حکومت سمیت چاروں صوبوں کے گورنرز کو بھی تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم ق لیگ کی حمایت کے بدلے میں اسپیکر پنجاب اسمبلی کے خلاف عدم اعتماد نہیں لائی جائے گی، نئے متوقع نظام میں ق لیگ کو وہی حصہ دیا جائے گا جو موجودہ نظام میں اس کے پاس ہے۔
اسی طرح اگر ایم کیو ایم اپوزیشن کے ساتھ چلتی ہے تو اسے سندھ حکومت اور وفاق میں حصہ دیا جائے گا، باپ کو ساتھ چلنے پر بلوچستان اسمبلی اور وفاق کی حکومت میں ساتھ ملایا جائے گا، بلوچستان میں متوقع حکومت سے متعلق فیصلہ مولانا فضل الرحمان اور اختر مینگل کریں گے۔
اس سے قبل متحدہ اپوزیشن نے وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد کی کامیابی کے فورا بعد صد ر مملکت عارف علوی کے خلاف مواخذے کی تحریک لانے کا فیصلہ بھی کیا ہے، عارف علوی کو ہٹا کر نئے صدر کے چناؤ کیلئے مولانا فضل الرحمان اور آصف علی زرداری پر مشتمل کمیٹی بھی قائم کردی گئی ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/sahhab1h1h1.jpg