آئی ایم ایف کے علاوہ کوئی پلان بی نہیں: مفتاح اسماعیل نے واضح کردیا

mifta-ismail-ishaq-dar-and-pk.jpg


ملک اس وقت بدترین معاشی بحران کا شکار ہے، حکومت کی نظریں آئی ایم ایف پر ہیں اور عوام آئی ایم ایف کے شرائط کی سزائیں بھگت رہے ہیں، سابق وزیر خزانہ اور مسلم لیگ ن کے رہنما مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ میری نظر میں کوئی پلان بی نہیں ہوتا، آئی ایم ایف کے علاوہ کوئی پلان بی نہیں ہے۔


جیو نیوز کے پروگرام’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں‘‘ گفتگو میں مفتاح اسماعیل کہتے ہیں سعودی عرب اور یو اے ای سے ہمیں اعلیٰ سطح کی ڈپلومیسی کرنی چاہیے،اس وقت پاکستان کو 5 سے 6 ارب ڈالر کی اشد ضرورت ہے، پاکستان ڈیفالٹ کرتا ہے تو یہ دنیا کیلئے بھی اچھا نہیں ہوگا۔

سابق وزیر خزانہ نے مزید کہا لگتا ہے آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات وہیں کے وہیں ہیں، موٹر سائیکل، چھوٹی گاڑیوں کو پیٹرول سبسڈی دینے پر آئی ایم ایف کا سوال بنتا ہے، حکومت کے پاس بھی آئی ایم ایف کو پیٹرول پر سبسڈی کا جواب ہے،آئی ایم ایف کے ساتھ چلنے کیلئےحکومت جو کر سکتی تھی سب کر لیا۔