
سابق وزیراعظم وقائد مسلم لیگ ن میاں محمد نوازشریف آئندہ عام انتخابات میں وزیراعظم کے امیدوار ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے پروگرام آن دی فرنٹ میں میزبان وسینئر اینکر پرسن کامران شاہد کے سوال کہ "آئندہ عام انتخابات میں وزیراعظم کے امیدوار میاں محمد
نوازشریف ہونگے یا میاں شہبازشریف" کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ سابق وزیراعظم وقائد مسلم لیگ ن نوازشریف آئندہ عام انتخابات میں وزیراعظم کے امیدوار ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ کرے کہ میاں نوازشریف کے تمام معاملات آئندہ انتخابات سے قبل حل ہو جائیں تو وہ مسلم لیگ ن کی طرف سے وزیراعظم کے امیدوار ہونگے۔ میں پوری ذمہ داری سے بتا رہا ہوں کہ میاں شہباز شریف کی بھی یہی خواہش ہے۔
انہوں نےمزید کہا کہ پاکستان کے تین بار منتخب ہونے والے وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کی تاحیات نااہلی کے فیصلے کی دنیا بھر میں مثال نہیں ملتی، نوازشریف کی بریت اور انتخابات کیلئے اہل ہونے کے بعد وہی مسلم لیگ ن کی طرف سے انتخابی مہم کی قیادت کریں گے، ہمیں انصاف کے تقاضے پورے کرنے ہوں گے ۔
انہوں نے کہا کہ کچھ خاص اشخاص کیلئے خاص قسم کے فیصلے اور سزائیں کسی صورت قابل قبول نہیں ہیں۔ جہانگیر ترین اور فیصل واوڈا کی تاحیات نااہلی کا فیصلہ بھی درست نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ میاں محمد نوازشریف کا دور اقتدار ہر حوالے سے بہترین تھا۔
ایک اور موقع وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈارنے سابق وزیراعظم وچیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود ڈیل اور ڈھیل کی پیداوار ہیں اس لئے ان کو دوسرے تمام لوگوں کے ساتھ ڈیل ہوتی ہی نظر آتی ہے۔
عمران خان جب 1993ء میں شوکت خانم ہسپتال کیلئے میرے آفس آئے تو انہیں سیاست میں آنے کی دعوت دی تھی تو ان کا کہنا تھا کہ میری توبہ میں کبھی سیاست میں آئوں! وہ خود ڈیل اور ڈھیل کی پیداوار ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/15nawazwazeeerazmahingy.jpg