
چیرمین پی ٹی آئی عمران خان کی سابقہ اہلیہ اور صحافی ریحام خان نے کہا ہے کہ ن لیگیوں کو انگریزی میں اپنا موقف پیش کرنا نہیں آتا، سوشل میڈیا پرریحام خان کے اس بیان پر دلچسپ تبصرے بھی دیکھنے کو ملے ہیں۔
مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر ریحام خان نے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم کے معاون خصوصی عرفان قادر کی ایک پریس کانفرنس کا کلپ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کے ساتھ ایک مسئلہ ہے کہ انہیں برگر بچوں ، آنٹیوں اور مغربی صحافیون کو اپنی کہانی انگریزی میں بیان کرنا نہیں آتا۔
ریحام خان نے مزید کہا کہ ن لیگیوں کو گلیمر اور کمیونیکیشن کے معاملے میں کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، یہ وہ چیزیں ہیں جن سے پی ٹی آئی والے فائدہ اٹھاتے ہیں،"ہینڈسم" ہونا ایک اہم پہلو ہے ، کیونکہ ووٹرز بھی تو انسان ہی ہوتے ہیں۔
ریحام خان کی جانب سے ن لیگیوں پر یہ تنقید سوشل میڈیا صارفین کو دلچسپ تبصروں کیلئے ایک نیا موضوع دے گئی، پی ٹی آئی کےرہنما اور سابق ترجمان وزارت خزانہ نےاس معاملے پرتبصرہ کرتے ہوئے عمران خان کےایک بیان کا حوالہ دیا اور کہا کہ"آپ ن لیگ پر کم پڑھے لکھے لوگوں کی جماعت ہونے کا الزام لگارہی ہیں"۔
سابق گورنر پنجاب اور پیپلزپارٹی کے رہنما سلمان تاثیر کی بیٹی سارہ تاثیر نے ریحام خان سے کہا کہ آپ کا مس پلاسٹک سرجری(مریم نوازشریف ) سے متعلق کیا خیال ہے؟ وہ ایک اچھی فیگر ہے، اور تمام برگرز بہت اچھی طرح اردو سمجھ سکتے ہیں جیسا کے آپ سمجھ جاتی ہیں۔
صحافی عمرا ن افضل راجا نے کہا کہ ہم نے تو سنا تھا کہ مریم نے انگلش لٹریچر میں ماسٹرز کیا ہوا ہے، اب ریحام خان کہیں گی کہ انہوں نے"ماسٹر" کےبجائےکوئی "پروفیسر" کیا ہوتا تو جماعت کیلئے اچھا ہوتا۔
شاہد ریحان نامی صارف نے کہا کہ آپ کی بات بالکل ٹھیک ہے، پٹواریوں کو تھوڑی تعلیم کی ضرورت ہے، مگر مسئلہ یہ ہے کہ اگر یہ تعلیم حاصل کرلیں گے تو پٹواری نہیں رہیں گے۔