
پی ٹی آئی کی رہنما شاندانہ گلزار نے کہا کہ عدم اعتماد میں ساتھ دینے کیلئے امریکا نے ووٹ خریدے،ہمارا ملک بک رہا ہے اگر ہم یہ تسلیم نہیں کرتے تو پھر ہم بہت سادہ لوگ ہیں۔
تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی شاندانہ گلزار نے کہا کہ انہیں 5 مختلف ایم این ایز نے قائل کرنے کی کوشش کی کہ وہ پی ٹی آئی کو چھوڑ دیں کیونکہ عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف ختم ہونے جا رہی ہے تو مجھے اپنے مستقبل کیلئے سوچنا چاہیے۔
شاندانہ گلزار نے کہا کہ اگر مان لیا جائے کہ میں میری پارٹی یا عمران خان جھوٹ بول رہے ہیں تو پھر اس خط کو پبلک کر دینا چاہیے کیونکہ اس کے بغیر اور کوئی حل نہیں ہے۔ سپریم کورٹ میں ڈی کلاسیفائیڈ ورژن ہے تو اسے اخبار میں چھاپ دیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے سیاستدان بک گئے، اس بات پر ندیم افضل چن نے اختلاف کرتے ہوئے کہا کہ سیاست دان بکتا نہیں ہے۔ اگر آپ اس بات کا دعویٰ کرتے ہیں تو بتائیے پھر تحریک انصاف کی حکومت کے لیے جو لوگ ان کے ساتھ ملے وہ کیسے ملے تھے۔