الیکشن کمیشن کے سابق سیکرٹری کنوردلشاد نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے عمران خان کو نااہل قرار دیا ہے لہذا انہیں پارٹی سربراہ رہنے کا بھی حق نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق کنور دلشاد نے اپنے ایک بیان میں الیکشن کمیشن کی جانب سے عمران خان کی نااہلی سے متعلق معاملے پر رائے دیتے ہوئے کہا کہ اس کیس میں عمران خان کی نااہلی کا خطرہ ہے تاہم اگر عمران خان کے وکیل صحیح دلائل دیں تو ہوسکتا ہے معاملہ ختم ہوجائے۔
کنور دلشاد نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن نے اس کیس میں سپریم کورٹ کی رائے کو دیکھتے ہوئے ہی فیصلہ دینا ہے، تاہم قوانین کے مطابق جو شخص قومی اسمبلی کی رکنیت کیلئے نااہل قرار دیا گیا ہو وہ پارٹی سربراہ بھی نہیں بن سکتا ، نواز شریف کو بھی نااہلی کے بعد پارٹی عہدے کیلئے بھی نااہل کردیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے توشہ خانہ ریفرنس میں الزامات ثابت ہونے پر عمران خان کو قومی اسمبلی کی رکنیت سے نااہل قرار دیدیا تھا، فیصلے میں کہا گیا تھا کہ عمران خان کرپٹ پریکٹس کے مرتکب قرار پائے گئے ہیں۔