
وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ الیکشن ریفارمز کے بعد شفاف انتخابات کروائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ نے یہ بیان غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دیا اور کہا کہ سابقہ حکمران جماعت کی جانب سے فوری انتخابات کا مطالبہ جائز نہیں ہے، اپوزیشن چاہتی ہے کہ بغیر انتخابی اصلاحات کے الیکشن کروائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری ذمہ داری ہے انتخابی اصلاحات کے بعد ملک میں صاف و شفاف انتخابات کروائے جائیں، کیونکہ حقیقی جمہوریت کیلئے ریفارمز ضروری ہیں ، ہم نے انتخابی اصلاحات کا عمل بھی شروع کردیا ہے ، ہم گن پوائنٹ یا کسی دباؤ میں آکر قانون سازی نہیں کروانا چاہتے۔
وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ ترکی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر خارجہ نے کہا کہ ترکی اور پاکستان کے مضبوط سفارتی تعلقات ہیں اور دونوں ملکوں کے عوام ایک دوسرے کے بے حد قریب ہیں، ہم نے ترکی کے ساتھ دو طرفہ تجارت کا حجم 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف رکھا ہے۔