
سینئر تجزیہ کار حبیب اکرم نے کہا ہے کہ جو بھی عمران خان کو اقتدار سے کسی ڈیل کے ذریعے ہٹانے میں ملوث ہوگا عمران خان اس کیلئے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔
دنیا نیوز کے پروگرام اختلافی نوٹ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے حبیب اکرم نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے "میں آپ کیلئے خطرناک ثابت ہوں گا" سے متعلق بیان پر اپنا تجزیہ دیا۔
حبیب اکرم نے میزبان ام رباب کو مخاطب کر کے کہاوزیراعظم کے اس بیان میں جو "آپ" کا لفظ ہےنا اس کے بہت اطراف میں اشارے ہیں، اس میں کوئی شخص یہاں تک کہ آپ بھی خود کو شامل کرسکتی ہیں، درحقیقت عمران خان کا اشارہ پس پردہ ڈیل کرکے انہیں اقتدار سے ہٹانے کے منصوبے میں شریک تمام فریقین کی جانب ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوازشرف کو یہ کہنے کیلئے بہت وقت لگا کہ میں ڈکٹیشن نہیں ہوں گا، مگر عمران خان ایسا نہیں کریں گے وہ بہت جلدی ان تمام سازشوں کو بے نقاب کردیں گے جو ان کی حکومت کے خلاف کی جارہی ہیں۔
حبیب اکرم نے کہا کہ میں نے بطور صحافی عمران خان کو 10 لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے دیکھا ہے اور لاکھوں لوگوں سے بھی، ایک فرد سے بات کرتے ہوئے بھی دیکھا ہے اور ٹی وی انٹرویو دیتے ہوئے بھی، عمران خان کی باڈی لینگوئج یہی ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ عمران خان کو کمزور کیا جاسکتا ہے یا ڈرایا جاسکتا ہے یہ ذرا مشکل بات ہے۔