
سینئر تجزیہ کار مظہر عباس نے کہا ہے کہ شہباز گل نے جو بیان دیا وہ غلط تھا، انہیں اس پر معذرت کرنی چاہیے۔
جیو نیوز کے پروگرام رپورٹ کارڈ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مظہر عباس نے کہا کہ میرا نقطہ نظر ہے کہ اس معاملے کو اتنا آگے نہیں لے کر جانا چاہیے، شہباز گل کو اپنےبیان پر معافی مانگنی چاہیے،سیاسی قیادت کو بھی سوچنا چاہیے کہ اسٹیبلشمنٹ کے سیاسی رول پر تنقید بالکل جائز ہےمگر کسی ادارے کی تضحیک بالکل درست نہیں ہے۔
مظہر عباس نے کہا کہ یہاں معاملہ صرف تضحیک کی نہیں ہےبلکہ یہاں معاملہ اکسانے کا ہے، اسٹیبلشمنٹ پر تنقید اورفوج کی تضحیک دو الگ الگ چیزیں ہیں ، تنقید کی جاسکتی ہے مگر تضحیک نہیں کی جاسکتی، تضحیک کسی انفرادی شخص کی بھی نہیں کی جاسکتی۔
سینئر تجزیہ کار نے کہا کہ عمران خان کے دور میں بھی صحافیوں پر ایسے مقدمات بنائے گئے،اس دور میں تو صحافی غائب ہوئے،ابصار عالم کو گولیاں لگیں، اسد طور پر تشدد ہوا،
حامد میر کو آف ایئر کیا گیا، مطیع اللہ جان کا معاملہ دیکھ لیں، کراچی سے جیو نیوز کےرپورٹر کو اٹھالیا گیا، اس دور میں بھی پیمرا اسی طرح استعمال ہوتا رہا جس طرح موجودہ حکومت استعمال کررہی ہے، یہ کل بھی غلط تھا یہ آج بھی غلط ہے۔