
پاکستانیوں کے حوالے سے مناسب بات نہ کرنے کی تلخ حقیقت ہے، عدنان سمیع
بھارتی گلوکار عدنان سمیع نے جب سے پاکستان کی شہریت چھوڑی ہے اس کے بعد سے وہ ہمیشہ پاکستان اور پاکستانیوں کے خلاف زہر ہی اگلتے آرہے ہیں، اس بار عدنان سمیع نے پاکستان چھوڑنے اور پاکستانیوں کے خلاف بات کرنے پر ردعمل دے دیا۔
عدنان سمیع نے سوشل میڈیا پوسٹ پر کہا کہ بہت سے لوگ مجھ سے پوچھتے ہیں کہ میں اکثر پاکستان کے بارے میں نامناسب تبصرہ کیوں کرتا ہوں۔
انہوں نے لکھا کہ ایک تلخ حقیقت یہ ہے کہ میں نے پاکستان کے عوام کے حوالے سے کبھی نامناسب بات نہیں کی جو میرے ساتھ بہت اچھے رہے ہیں میں انہیں اچھے الفاظ میں ہی یاد رکھتا ہوں۔
عدنان سمیع نے مزید کہا جو لوگ مجھے صحیح معنوں میں جانتے ہیں وہ یہ بھی جانتے ہوں گے کہ وہاں کی اسٹیبلشمنٹ نے کئی سالوں تک میرے ساتھ کیا کیا جو بالآخر میرے لیے پاکستان چھوڑنے کی ایک بڑی وجہ بنی۔
عدنان سمیع خان نے مزید لکھا کہ ایک دن بہت جلد میں اس حقیقت سے پردہ اٹھاؤں گا کہ انہوں نے میرے ساتھ کیا سلوک کیا، جس کے بارے میں بہت سے لوگوں کو معلوم نہیں ہے، میں اس کے بارے میں بہت برسوں سے خاموش ہوں اور دنیا کو بتانے کے لیے درست وقت کا انتظار کر رہا ہوں۔
عدنان سمیع نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ پاکستان کی شکست پر بپی لہری کا ایک گانا ٹوئٹ کرتے ہوئے پاکستان پر طنز کیا تھا کہ بہتر ٹیم جیت گئی! مبارک ہو انگلینڈ۔ یہ صرف ایک کھیل ہے۔