
ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال میں ہلچل مچی ہوئی ہے، ایسے میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے چیف آف اسٹاف شہباز گل نے خبردار کردیا، انہوں نے کہا ہے کہ ثابت ہو گیا کہ یہ نالائق اور کرپٹ ہیں، نیب کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی ہے۔
ہم نیوز کے پروگرام ’ہم مہر بخاری کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے شہباز گل نے کہا کہ اس حکومت سے سے نہ گیس سنبھالی جا رہی نہ ہی بجلی، کہتے ہیں آئی ایم ایف سے معاہدہ عمران خان کر کے گیا تھا، اگر عمران خان نے معاہدہ کیا تھا تو عمران خان کو کرنے دیتے۔
انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اتنا لیٹ نہ ہوجائے کہ ہم یا کوئی اور آکر بھی ملک کو سنبھال نہ سکے، ہماری حکومت میں 6 فیصد گروتھ تھی،ہمارا مسئلہ ان سے نہیں بیرونی سازش سے ہے، ہم امریکہ سے جنگ کرنا نہیں چاہتے ہیں،انہوں نے ملک کو تباہ کر دینا ہے، ڈیزل کی قیمت بڑھا کر کسانوں کو تباہ کردیا، ایگریکلچر کا انہوں نے ستیاناس کر دیا ہے۔
انہوں ںے دعویٰ کیا کہ ان کی گاڑی کے ساتھ حادثہ کروایا گیا،عمران خان وزیراعظم تھے تب سے یہ سارا معاملہ شروع کیا گیا، یہ پوری قوم کے سامنے سیاسی طور پر ننگے ہوچکے ہیں، ان کے پاس اب بھاگنے کا کوئی راستہ نہیں ہے۔
پروگرام میں شریک رکن قومی اسمبلی قادر خان مندوخیل نے کہا کہ پیپلز پارٹی کہتی ہے کہ جمہوریت چلنی چاہئے، 2018 کے الیکشن میں 155 پی ٹی آئی کے ممبران تھے، 2018کے الیکشن میں موجودہ حکومت کے 162 ممبران تھے، 17 ممبران ان کو کس نے لا کے دیئے؟ کس ملک نے سازش کی تھی؟
انہوں نے کہا کہ کبھی ہم نے اس طرح کی طوفان بدتمیزی نہیں دیکھی، اس شخص نے سپریم کورٹ کو چھوڑا نہ ہی آرمی چیف کو، یہ پہلے دھمکا رہا ہے، پھر ادارو ں کے پاؤں پڑ رہا ہے، شہباز گل تو کونسلر بننے کے بھی لائق نہیں،قادر خان مندوخیل نے الزام عائد کیا کہ سپریم کورٹ کے خلاف انہوں نے باقاعدہ ٹرینڈ چلایا۔ انہوں نے استفسار کیا کہ کیا اس سے پہلے یہ پیکا آرڈیننس نہیں لائے تھے؟
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/meher-gill-on-govt.jpg