
معروف تجزیہ کار ثنا بُچہ نے نجی ٹی وی چینل ہم نیوز کے پروگرام پاکستان ٹونائٹ ود ثمر عباس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت میں اتنی صلاحیت نہیں ہے کہ وہ اتنے سالوں میں خود کو مستحکم کر پائے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن پر یہ الزام کہ وہ حکومت کو ہٹانا ہی نہیں چاہتے یہ غلط ہے۔
انہوں نے ڈھکے چھپے الفاظ میں تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ جن کو ڈی جی آئی ایس آئی کا فیض حاصل رہا ہے وہ اکثریت کے باوجود مخالفین کو ہراتے رہے ہیں۔ ثنا بُچہ نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ کیسے ارکان غیر حاضر ہو جاتے ہیں، اب پولنگ کو غائب کرنا پرانا ہو چکا ہے یہاں تو سینیٹر تک غائب ہو جاتے ہیں پوری پوری رات فون بند رکھتے ہیں اور الیکشن کے بعد سامنے آتے ہیں۔
ثنا بُچہ نے کہا کہ اپوزیشن کو اگر تحریک عدم اعتماد لانی پڑی تو ان کے ووٹ وہی لوگ پورے کریں گے جنہوں نے پہلے حکومت کو ووٹ دے کر ان کو جیتنے میں مدد دی تھی۔ انہوں نے کہا ن لیگ اپنے آپ کو بچانا بھی چاہتی اور چاہتی ہے کہ حکومت بھی گھر چلی جائے جبکہ پیپلز پارٹی یہ سوچ رہی ہے کہ جو10،12 ووٹ پہلے ہمیں نہیں ملے تھے اب کی بار وہ ہمیں مل کر ہی رہیں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اب اگر اتنا سب کچھ ہونے کے باوجود بھی اپوزیشن کچھ نہیں کرتی تو پھر سمجھ لیجیے کہ حزب اختلاف نے آئندہ 10 سال کیلئے اپنی قسمت لکھ دی ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں تجزیہ کار نے کہا کہ حکومت کو اب گھر بھیجنا اپوزیشن کیلئے ناگزیر ہو چکا ہے کیونکہ صرف حکومت نے ہی نہیں اپوزیشن نے بھی دوبارہ الیکشن لڑنے ہیں۔
ثنا بُچہ نے یہ بھی کہا کہ اگر پی ٹی آئی بطور حکومت ناکام ہو رہی ہے اور اپوزیشن اس کو ہٹانے کیلئے کچھ نہیں کر پا رہی تو اس میں ان کا بھی اتنا ہی قصور ہے جتنا کہ حکومت کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے ناک کے نیچے سے تمام مافیاز این آر او لے اڑتے ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/pdm.jpg