آرمی چیف کی تقرری کیلئے عمران خان کے مشورے کی کوئی اہمیت نہیں،سعید غنی

17saeedghani.jpg

رہنما پیپلزپارٹی سعید غنی نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی تعیناتی سے متعلق عمران خان کا بیان اسی بیانیہ کا حصہ ہےجس کےذریعے وہ آرمی کے اندر نفاق اور تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کررہے تھے۔

کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سعید غنی کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی تعیناتی اپنے وقت پر ہونی چاہیے، اور یہ تعیناتی حکومت وقت کو ہی کرنی چاہیے، عمران خان کے پاس آئینی یا قانون طور پر ایسا کوئی جواز نہیں ہے کہ اس معاملے میں ان کا مشورہ بھی شامل کیا جائے۔

https://twitter.com/x/status/1569725092963094528
سعید غنی نے کہا کہ عمران خان کا یہ بیان انتہائی قابل مذمت ہے اور یہ اسی بیانیہ کا حصہ ہے جس کے ذریعے وہ پاک فوج کے اندر ایک نفاق اور تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کررہے تھے۔

سیلاب زدگان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سعید غنی کا کہنا تھاکہ سیلاب سے متاثر ہونےو الوں کی تعداد بے حد زیادہ ہے، یہ بھی ممکن نہیں ہے کہ سیلاب سے متاثرہ ایک کروڑ لوگوں کو آپ کراچی میں آباد کردیں، یہ ممکن نہیں ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیراعظم عمران خان نے ایک انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ نئے آرمی چیف کی تعیناتی کےمعاملے کو انتخابات تک موخر کردینا چاہیے اور انتخابات کےبعد بننے والی حکومت کو یہ اختیار ملنا چاہیے کہ وہ نیا آرمی چیف تعینات کرے، تب تک موجودہ آرمی چیف کو ہی عہدےپربرقرار رکھا جانا چاہیے۔