
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہنگامی دورہ چین کےدوران چینی حکومت نے پاکستان کے سیلاب زدگان کی مدد کیلئے 100 ملین یو آن کی امداد کا اعلان کردیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق چین نے آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کے دورہ کےموقع پر ہنگامی طور پر پاکستانی سیلاب زدگان کی مدد کیلئے امداد کا اعلان اور امدادی کارروائیوں میں فنی تعاون کی پیشکش کردی ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف نے اپنے دو روزہ دورے کے دوران چین کے وزیر دفاع سے ملاقات کی، آرمی چیف کےدورے کے بعد چین کی پیپلزلبریشن آرمی کی جانب سے پاکستان کے سیلاب زدگان کیلئے 100 ملین یو آن کی امداد کااعلان کیا گیا، مجموعی طور پر چین کی جانب سے پاکستان کو500 ملین یو آن کی امداد فراہم کی جائے گی، یہ رقم71اعشاریہ 3 ملین ڈالر اور15اعشاریہ 8 ارب روپے بنتی ہے۔
آرمی چیف سے ملاقات کے موقع پر چینی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ چین پاکستان اور پاک فوج کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، ہم اس تعاون کو مزید فروغ دینے کے خواہاں ہیں، سی پیک دونوں ملکوں کے عوام کی خوشحالی کا ایک منصوبہ ہے ۔
چینی وزیردفاع نے خطے میں امن و امان کے قیام کیلئےآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی کاوشوں کو سراہا اور سی پیک منصوبے کی سیکیورٹی اقدامات پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں امید ہے سی پیک منصوبے بروقت مکمل کیے جائیں گے۔