خبریں

وزیراعظم نے کابینہ اجلاس میں منی بجٹ سے متعلق ارکان کو آگاہ کیا۔ عمران خان نے اجلاس میں گزشتہ حکومتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ادوار میں عالمی اداروں سے اتنا قرض لیا گیا کہ ہم ایک غلام قوم بن کر رہ گئے ہیں۔ وزیراعظم نے اجلاس میں ارکان کو منی بجٹ لانے کی وجوہات سے آگاہ کیا اور اس حوالے سے کھل کر گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی اداروں کا قرض اور سود واپس کرنے کے لیے ان ہی سے مزید قرض لینا پڑتا ہے۔ یاد رہے کہ حکومت کی جانب سے کچھ ہی روز میں منی بجٹ کیے جانے کا امکان ہے اور اس سلسلے میں وزارت خزانہ کے ترجمان مزمل اسلم کا کہنا ہے کہ اس منی بجٹ میں عام آدمی کے استعمال کی اشیا پر ٹیکس نہیں لگایا جائے گا۔ ترجمان وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ اس میں امپورٹڈ اشیا، مہنگے موبائل فون اور دیگر لگژری آئٹمز پر ٹیکس عائد کیا جائے گا۔ دوسری جانب اپوزیشن نے حکومت کی جانب سے منی بجٹ لانے کے فیصلے پر شدید تنقید کرتے ہوئے احتجاج کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سے قبل اہم حکومتی اتحادی مسلم لیگ ق کی جانب سے منی بجٹ پر تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ طارق بشیر چیمہ نے کہا ہے کہ منی بجٹ پر پارٹی کی مشاورت ہونا باقی ہے۔ حتمی مشاورت کے بعد منی بجٹ کی حمایت یا مخالفت سے متعلق کچھ کہیں گے۔
نارووال: کے گاؤں بڈھاڈھولہ میں داماد نے فائرنگ کرکے سسر کو قتل کردیا جبکہ ساس سمیت 3افراد زخمی ہوگئے۔۔ سسرالیوں کے تشدد سے داماد بھی جاں بحق۔ تفصیلات کے مطابق ٹوبہ ٹیک سنگھ کا رہائشی عرفان ناراض بیوی کو لینے بڈھا ڈھولہ گاؤں آیا ہوا تھا تلخ کلامی ہونے پر اس نے فائرنگ کر دی جس کی زد میں آکر اس کا سسر صادق موقع پر دم توڑ گیا جبکہ اسکی ساس جمیلہ بی بی،گاؤں کا ایک شخص علی اور نامعلوم زخمی ہوئے ۔ علی اور نامعلوم شخص جھگڑا چھڑانے آئے تھے۔ جھگڑے کے دوران عرفان سسرالیوں کے تشدد سے شدید زخمی ہوگیا جسے اسپتال لے جایا گیا لیکن جانبر نہ ہوسکا ۔ دوسری جانب گوجرانوالہ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں 3 افراد نے ایک بھکاری خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنادیا۔ اس پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے نوٹس لیا تو پولیس نے پولیس نے مبینہ زیادتی میں ملوث 2 افراد کوگرفتارکرلیا جبکہ تیسرے ملزم کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ لاہور کے علاقے کاہنہ میں نامعلوم افراد نومولود بچے کوکچرے کے ڈھیر پرپھینک گئے۔ پولیس نے اطلاع ملنے پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے بچے کوطبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کیا اور پولیس کی بروقت کاروائی سے بچے کی جان بچ گئی۔ ڈی آئی جی آپریشنزعابد خان نے کہا کہ لاہور پولیس بچے کی نگہداشت کے لیے تمام تر وسائل فراہم کرے گی جبکہ نومولود بچے کو کوڑے پر پھینکنے والے کو سیف سٹی کیمروں کی مدد سے تلاش کیا جارہا ہے۔
ملک بھر میں بلدیاتی انتخابات کی گونج،الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ مارچ میں منعقد کرانے کا اعلان کردیا،ایکسپریس نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے موسم کی شدت کے باعث بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کو سولہ جنوری کے بجائے مارچ میں کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ دوسرے مرحلے میں ہزارہ اور مالاکنڈ ڈویژن سمیت اٹھارہ اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں گے،اس سے قبل صوبائی وزیرشوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ دوسرے مرحلے کے انتخابات میں ملاکنڈ اور ہزارہ کے پہاڑی علاقے شامل ہیں، جہاں دسمبر سے جنوری تک برف باری اور درجہ حرارت نقطہ انجماد کو پہنچ جاتا ہے، اسی باعث وہاں کے مکین بڑی تعداد میں میدانی علاقوں کا رخ کرتے ہیں۔ صوبائی وزیرکا کہنا ہے کہ ان حالات میں الیکشن کے انعقاد سے آبادی کا بڑا حصہ ووٹ کے حق سے محروم ہوجائے گا، اگر انتخابات مارچ تک ملتوی کیے جائیں تو تمام لوگوں کو ووٹ کا حق استعمال کرنے کا موقع مل جائے گا۔ پہلے مرحلے میں خیبرپختونخوا کے 17 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات ہوئے تھے، جس میں وفاقی اور صوبائی حکومتی جماعت تحریک انصاف کو بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ جمعیت علما اسلام نے کامیابی حاصل کرکے سب کو حیران کردیا تھا۔ وزیراعظم عمران خان نے شکست کے بعد گورنر خیبرپختونخوا سے رپورٹ بھی طلب کی تھی جبکہ پنجاب کے بلدیاتی انتخابات کی نگرانی خود کرنے اور امیدوار کے معاملے میں کارکنان کے تحفظ دور کرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔
پاکستان میں اقلیتوں کے تحفظ اور حقوق کا احترام،سکھوں کیلئے ایک اور تحفہ تیار کرلیا گیا ہے،شکار پور میں 200 سال پرانے گوردوارہ صاحب کی بحالی کا90 فیصد کام مکمل کرلیا گیا،شکارپورسندھ میں واقع سکھوں کے 200 سال پرانے تاریخی گوردوارے پہلی پادشاہی سچکھنڈ صاحب کی آرائش وتزئین اوربحالی کا کام تکمیل کے آخری مراحل میں پہنچ گیا ہے۔ گوردوارہ صاحب کی آرائش وتزئین اوربحالی کے لئے 20 لاکھ روپے متروکہ وقف املاک بورڈ جبکہ 20 لاکھ روپے پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی نے دیئے ہیں جبکہ دیگرسکھ سنگتوں نے بھی اس کارسیوامیں حصہ لیا،فروری 2022 میں گوردوارہ صاحب کو کھولے جانے کاامکان ہے، سکھ مذہب کے بانی باباگورونانک دیوجی نے مختلف ممالک کے سفرکے دوران یہاں قیام کیاتھا۔ سردارویکاس سنگھ نے بتایا کہ گورودارہ صاحب کی دومنزلہ عمارت کی بحالی سمیت دیگرتعمیراتی کام مکمل ہوگیا،اب رنگ وروغن کاکام شروع کیاجائیگا،باباگورونانک دیوجی نے زندگی کے ابتدائی برسوں میں مختلف ممالک کاسفرکیا۔ اس دوران انہوں نے یہاں قیام کیا تھا اسی وجہ سے اس گوردوارہ صاحب کو پہلی پادشاہی سچ کھنڈ صاحب کہاجاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہاراجہ رنجیت سنگھ نے اٹھارویں صدی کے اوائل میں یہ گوردوارہ صاحب تعمیرکروایاتھا،گوردوارہ صاحب کی پرانی اورقدیم عمارت کاجوحصہ موجود تھا،اسے اسی طرح بحال کیاگیا،گوردوارہ صاحب کی تعمیر،کھڑکیاں،دروازوں کے ڈیزائن میں سکھ رسم ورواج کوسامنے رکھا گیا۔ پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے سربراہ سردارامیرسنگھ نے ایکسپریس ٹربیون سے گفتگو میں بتایا کہ فروری 2020 میں گوردوارہ صاحب کوسنگتوں کے لئے کھول دیا جائیگا،افتتاحی تقریب کے لئے شری اکال تخت صاحب کے جتھے دار گیانی ہرپریت سنگھ کودعوت دی گئی ہے۔ وہ فروری میں ساکہ ننکانہ صاحب کی تقریبات میں شرکت کے لئے پاکستان آئیں گے۔اس موقع پروہ اس تاریخی گوردوارے کابھی افتتاح کریں گے۔ سردارامیرسنگھ نےمزید کہا کہ ہم وزیراعظم عمران خان سے درخواست کریں گے کہ بھارتی سکھ یاتریوں کو سندھ میں موجود گوردواروں کے درشن کی بھی اجازت دی جائے،بھارت کے ساتھ مذہبی یاتراکے معاہدے میں بھارتی سکھوں کوصرف پنجاب میں موجود اہم گوردواروں کے درشن کی اجازت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگربھارتی سکھوں کو سندھ میں موجود گوردواروں کی بھی اجازت دی جاتی ہے تواس سے دنیابھرمیں پاکستان کی پذیرائی ہوگی اورکرتارپور کوریڈروکے بعد سکھوں کے لئے یہ دوسرابڑا تحفہ ہوگا،متروکہ وقف املاک بورڈ کے ایڈیشنل سیکرٹری راناشاہد اور ڈپٹی سیکرٹری عمران گوندل بھی گوردوارہ سچ کھنڈ صاحب کا دورہ کرچکے ہیں۔
مشہور صحافی و تجزیہ کار ثناء بچہ نے کہا ہے کہ میرے خیال سے نواز شریف واپس آرہے ہیں اور وہ غیر قانونی طریقے سے واپس آئیں گے۔ نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے پروگرام ٹو دی پوائنٹ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے صحافی و تجزیہ کار ثناء بچہ نے کہا کہ جب نوا زشریف کی حکومت کو غیر قانونی طریقے سے ہٹایا گیا ہے تو وہ واپسی کیلئے بھی غیر قانونی حربے استعمال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا قصور نہیں ہے جب انہیں غیر قانونی طریقے سے ہٹایا جائے گا وہ واپسی کیلئے بھی ویسا ہی راستہ اپنائیں گے، آئین کی پاسداری ، ووٹ کو عزت دو جیسی باتوں کا کوئی فائدہ نہیں ہے کیونکہ انہوں نے واپس آنا ہی غیر قانونی طریقے سے ہے، قصور نا ان کا ہے نا ہمارا ہے مگر اس سب میں عام عوام رل جائیں گے۔ میزبان منصور علی خان نے ثناء بچہ سے سوال کیا کہ واقعی نواز شریف غیر قانونی طریقے سے واپس آرہے ہیں؟ ثناء بچہ نے جواب دیا بالکل آرہے ہیں ، غیر قانونی طریقہ کیا ہوتا ہے کسی سے ڈیل کرنا ، بات کرنا ، کوئی گارنٹی لینا ، یہ ساری چیزیں قانونی نہیں غیر قانونی ہی ہیں، کسی بھی ملک میں یہ قانونی راستے نہیں ہیں۔ ثناء بچہ نے کہا دنیا کے کسی ملک میں نہیں ہوتا کہ کسی شخص پر آپ کیسز بناتے ہیں پھر اسے جدہ بھیج دیا جاتا ہے ، بینظیر کو جلاوطن کیا جاتا ہے پھر وہ واپس بھی آجاتی ہیں، اس ملک میں جو غیر قانونی روایات ڈالی گئی ہیں وہی اب پنپ رہی ہیں، اب آپ لاکھ آئین کی پاسداری کیلئےزور لگادیں مگر غیر آئینی طریقے سے ہٹائے جانے والے لوگ اسی غیر آئینی طریقے سے ہی واپس آتے رہیں گے۔
لاہور پولیس کی جانب سے اوور سیز پاکستانی کے گھر پر غیر قانونی قبضے کے ختم کروائے جانے کے بعد خاتون نے لاہور پولیس کا شکریہ ادا کیا ہے۔ مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر پنجاب پولیس کے ویریفائیڈ ٹویٹر ہینڈل سے ایک بیان جاری کیا گیا جس میں اوور سیز پاکستانی خاتون فائقہ خواجہ کا ویڈیو پیغام بھی شیئر کیا گیا۔ پنجاب پولیس نے اپنےاعلامیہ میں کہا کہ لاہور پولیس نے اوورسیز پاکستانی بیوہ خاتون کا گھرقبضہ مافیا سے واگزار کراکے انکے حوالے کر دیا۔اوورسیز پاکستانی فائقہ خواجہ کا گھر واپس ملنے پر پنجاب پولیس کا شکریہ ادا کیا ہے۔ پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے احکامات جاری کر رکھے ہیں۔ متاثرہ خاتون نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ لاہور میں واقع میرے گھر پر تین ماہ پہلے قبضہ کرلیا گیا تھا جس سے متعلق میں نے سی سی پی او لاہور فیاض صاحب کو درخواست دی تھی۔ خاتون نے کہا کہ سی سی پی او لاہور کی ہدایات پر پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے مجھے میرے قبضہ واپس دلوایا، میں تہہ دل سے تمام افسران اور محکمہ پولیس کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل فائقہ خواجہ نے اپنا ایک ویڈیو بیان جاری کیا تھا جس میں وہ وزیراعظم پاکستان سے اپنے گھر پر غیر قانونی قبضے کے معاملے پر نوٹس لینے کا مطالبہ کررہی تھیں۔ انہوں نے اس ویڈیو میں کہا تھا کہ ہم 2 ماہ پہلے دبئی سے آئے ہیں ہمارے گھر پر قبضہ کیا جاچکا ہے، 2 ماہ سے ہم تین پولیس اسٹیشنز کے چکر کاٹ رہے ہیں،ہر فورم پر میں نے اپنی شکایت درج کروائی ہے جس کا تمام ریکارڈ میرے پاس موجود ہے، وزیراعظم عمران خان صاحب براہ کرم اس معاملے میں نوٹس لیتے ہوئے ہمیں ہمارے گھر کا قبضہ واپس دلوائیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے اعتراف کیا کہ مسلم لیگ ن کے دور میں ہونے والا قطر ایل این جی معاہدہ برا نہیں تھا۔ تفصیلات کے مطابق نجی نیوز چینل کے پروگرام 'ندیم ملک لائیو' میں ملک میں حالیہ گیس شارٹیج کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما ہمایوں اختر خان کا کہنا تھا کہ ملک کی 80 سے 85 فیصد ایل این جی پرانے کنٹریکٹ کے ذریعے آتی ہے۔ ہمایوں اختر خان نے اعتراف کیا کہ ن لیگ لے دور میں کیا گیا معاہدہ برا نہیں تھا اور اسی معاہدے کی وجہ سے ملک 80 سے 85 فیصد ایل این جی حاصل کر رہا ہے۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ اس وقت ملک کی 15 سے 20 فیصد ایل این جی سپاٹ پرچیزنگ سے آرہی ہے، کچھ معاملات التوا کا بھی شکار ہوئے ہیں وہ بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمتیں بڑھنے کی وجہ سے ہوئے جبکہ کچھ معاہدے کی خلاف ورزی بھی ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمتیں بڑھتی ہیں تو جو ڈپازٹ جمع کئے ہوئے ہوتے ہیں جو فورفیٹس دینے ہوتے تو پھر قیمتیں بڑھانی پڑتی ہیں ایسا سب کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ ملک اس وقت بدترین گیس بحران کا شکار ہے جس کے باعث ملک کے مختلف حصوں میں گیس کہ لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔
پاکستان کے معروف صحافی اور سیاسی تجزیہ کار سہیل وڑائچ نے گلگت بلتستان کے سابق چیف جج جسٹس رانا شمیم کے بیان حلفی کو پاکستانی سیاست کا 'گیم چینجر' قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق نجی نیوز چینل کے پروگرام 'رپورٹ کارڈ' میں بات کرتے ہوئے تجزیہ کار سہیل وڑائچ کا کہنا تھا کہ سابق چیف جج جسٹس رانا شمیم کا بیان حلفی پاکستان کی سیاست کو بدلنے کی ایک ادنیٰ سی کوشش ہے جو شریف خاندان کے خلاف سنائے گئے عدالتی فیصلوں پر اثرانداز ہوگا۔ تجزیہ کار کا کہنا تھا کہ رانا شمیم نے اپنے آپ کو خود پیش کیا ہے، بیان حلفی انہوں نے خود لکھا ہے، خود اس کو لندن میں محفوظ کیا اور اب خود اس بیان حلفی کے حوالے سے دعویٰ کیا۔ سہیل وڑائچ نے انکشاف کیا کہ رانا شمیم خود تاریخ کا حصہ بننا چاہتے تھے اسی لئے انہوں نے خود کو پیش کیا اور دعویٰ کیا کہ کس طرح عدالتی فیصلوں کے ذریعے ملکی سیاست کو متاثر کیا گیا۔ اس حوالے سے بات کرتے ہوئے تجزیہ کار ارشاد بھٹی کا کہنا تھا کہ رانا شمیم استعمال ہوئے ہیں، ان کا بیان حلفی والا معاملہ اس لئے ہوا تاکہ شریف خاندان کے خلاف سنائے گئے عدالتی فیصلے کو متاثر کیا جاسکے جس کے مسلم لیگ ن کی سیاست پر مثبت اثرات ہوں گے۔ ارشاد بھٹی کا مزید کہنا تھا کہ رانا شمیم نواز شریف سمیت مسلم لیگ ن کی لیڈرشپ کے ہاتھوں استعمال ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے گلگت بلتستان کے سابق چیف جج جسٹس رانا شمیم سمیت چار افراد پر سات جنوری کو توہین عدالت میں فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ خیال رہے کہ سابق چیف جج نے الزام عائد کیا تھا کہ پاکستان کی سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف اور ان کی بیٹی کو سنہ 2018 میں ہونے والے عام انتخابات سے قبل ضمانت نہ دینے سے متعلق اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز پر دباؤ ڈالا تھا۔ پاکستان کے سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار اس دعوے کی تردید کر چکے ہیں۔
پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابرافتخار نے کہا ہے کہ پاک فوج قومی سلامتی پالیسی کے وژن کے مطابق کردار ادا کرے گی۔ مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابرافتخار نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملک کی قومی سلامتی پالیسی کا اجراء ایک اہم سنگ میل ہے ، ملکی قومی سلامتی کو مضبوط بنانے کیلئے پالیسی کا کردار اہم ہوتا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق جامع فریم ورک قومی سلامتی کے مختلف پہلوؤں میں باہمی روابط کو تسلیم کرتی ہے، ابھرتے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے جامع اور موثر قومی سلامتی پالیسی ناگزیر ہے، حکومت نے موجودہ عالمی صورتحال کومدنظر رکھتے ہوئے پالیسی مرتب کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج حکومت کی مرتب کردہ قومی سلامتی پالیسی کے وژن کے مطابق اپنا کردار ادا کرے گی۔ قبل ازیں مشیر برائے قومی سلامتی معید یوسف نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ حکومت نے پہلی قومی سلامتی منظور کرلی ہےیہ پالیسی منظوری صحیح معنوں میں تاریخ کامیابی ہے، قومی سلامتی پالیسی کی توثیق گزشتہ روز کی گئی جس کے بعد اقتصادی تحفظ کے ساتھ اس پالیسی پر اب سنجیدگی سے عمل کیا جائے گا، اس پالیسی کی بنیاد پر مختلف پالیسیاں مرتب کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
پاکستان میں تعینات جاپانی قونصل جنرل کراچی میں چند روز پہلے تجرباتی طور پر چلائی گئی گرین لائن بس میں سفر کرنے پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں تعینات جاپان کے قونصل جنرل توشیکازو ایسو مورا اپنے عملے کے ہمراہ عام مسافروں کی طرح گرین لائن میں سفر کرنے کیلئے مرکزی اسٹیشن نمائش سے بس میں سوار ہوئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس وقت ان کے ہمراہ پولیس اتاشی اور دیگر سفارتی عملہ موجود تھا تاہم قونصل جنرل نے کسی بھی قسم کے پروٹوکول کے بغیر ٹکٹ کاؤنٹر کے سامنے لگی قطار میں کھڑے ہوکر اپنی باری پر ٹکٹ خریدا اور ٹرمینل میں داخل ہوکر بس کے انتظار کیلئے کھڑے ہوگئے۔ رپورٹس کے مطابق بس کے آنے کے بعد قونصل جنرل دیگر مسافروں کے ہمراہ بس میں سوار ہوئے اور بس میں سوار ہوکر دستیاب نشستوں میں سے ایک پر بیٹھ گئے، انہوں نے اس سفر کے دوران باریک بینی سے کراچی میں چلنے والی اس گرین لائن بس کا جائزہ لیا۔ جاپانی قونصل جنرل نمائش سے گولیمار کے بس اسٹاپ تک گرین لائن میں سفر کرتے رہے اور گولیمار اسٹیشن پر بس سے اتر گئے اس موقع پر انہوں نے مسافروں اور دیگر افراد سے گفتگو کی اور گرین لائن کے سفر پر خوشی کا اظہار بھی کیا۔ قونصل جنرل نے کہا کہ ہمارے ملک جاپان میں یہ ایک عام چیز ہے مگر کراچی میں یہ جدید سہولت دیکھ کر خوشی محسوس ہوئی تاہم یہ سہولت ابھی نامکمل ہے اور اس میں چند ایک خامیاں بھی ہیں، امید ہے سروس کے مکمل ہونے تک یہ خامیاں بھی دور کردی جائیں گی۔
آرگنائزڈ کرائم اینڈ کرپشن رپورٹنگ پراجیکٹ (او سی سی آر پی) نے رواں سال کی کرپٹ ترین شخصیات کی فہرست جاری کردی۔ جس میں پہلے نمبر پر آنے والے بیلا روس کے صدر ہیں۔ پورٹ کے مطابق یورپی ملک بیلاروس کے صدر الیگزینڈر جی لوکاشینکو کو منظم مجرمانہ سرگرمیوں اور بدعنوانی کو آگے بڑھانے پر ’2021 کا کرپٹ پرسن آف دی ایئر‘ قرار دیا گیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ بدعنوانی کے بارے میں مطالعہ اور رپورٹ کرنے والے چھ صحافیوں کے ایک پینل نے دنیا بھر سے 1167 نامزد افراد میں سے بیلا روسی صدر کا بطور کرپٹ پرسن آف دی ایئر انتخاب کیا۔ بیلاروس کے سربراہ لوکاشینکو 1994 سے صدر کی حیثیت سے اقتدار میں ہیں۔ 2012 میں انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ تھا کہ وہ یورپ میں آخری اور واحد آمر حکمران ہیں۔ کرپٹ پرسن آف دی ایئر عالمی ایوارڈ دینے کی دہائی میں یہ پہلا موقع ہے جب یہ فیصلہ متفقہ طور پر ہوا۔ وگرنہ ہر بار تمام پینلسٹ کسی ایک شخصیت کا انتخاب نہیں کر پاتے اور نتیجتاً فیصلہ میجورٹی کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔ رواں سال کی دیگر کرپٹ ترین شخصیات میں افغانستان کے سابق صدر اشرف غنی، شام کے صدر بشارالاسد، ترکی کے صدر طیب اردوان اور آسٹریا کے چانسلر سیباسٹین کرز شامل ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال 2020 میں برازیل سے تعلق رکھنے والے ایک سابق فوجی افسر اور سیاستدان جیئر میسیس بولسونارو کو کرپٹ ترین شخصیت قرار دیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل اس فہرست میں مالٹا کے وزیر اعظم جوزف مسکت، فلپائن کے صدر روڈریگو ڈوریٹ، وینزویلا کے صدر نکولس مدورو، روسی صدر ولادیمیر پوٹن و دیگر کے نام سامنے آ چکے ہیں۔
وفاقی وزارت قومی صحت کا تین سالوں میں ادویات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کا اعتراف کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزارت قومی صحت نے قومی اسمبلی میں تحریری جواب پیش کیا ہے جس میں اعتراف کیا گیا ہے کہ گزشتہ تین سالوں کے دوران تسلسل کے ساتھ ادویات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔ پیش کردہ تحریری جواب میں مزیدبتایاگیا ہے کہ 2018 میں ادویات کی قیمتوں میں 2 اعشاریہ7سے 3 اعشاریہ 9 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ 2019 میں ادویات 7 سے 10 فیصد تک مہنگی ہوئیں، 2020 میں ادویات کی قیمتوں میں 5.1 سے 7.3 فیصد اضافہ ہوا۔ وفاقی وزارت قومی صحت کے مطابق ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کنزیومر پرائس انڈیکس کے تحت کیا گیا۔ خط کے ذریعے قومی اسمبلی کو آگاہ کیاگیا کہ کورونا کے علاج کے لیے درکار انجکشن کی قیمت میں تین مرتبہ کمی کی گئی ۔ تحریری جواب کے مطابق 22 اکتوبر 2020 کو انجکشن کی قیمت 9244 روپے تھی جبکہ 7 دسمبر 2020 کو قیمت کم ہو کر 5680 روپے ہو گئی، اس کے بعد 22 ستمبر 2021 کو انجکشن کی قیمت 3967.34 روپے ہو گئی۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں فارماسوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن نے ایک پریس کانفرنس میں عوام کو خبردار کیا تھا کہ اگر سیلز ٹیکس عائد کیا گیا ادوایات کی قیمتیں بڑھانا پڑیں گی۔
کراچی میں پولیس کی زیر سرپرستی زمینوں پر قبضے کی کوشش کی گئی جس کے دوران فائرنگ سے 3 مزدور جاں بحق ہوگئے ہیں۔ خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطا بق واقعہ کراچی کے علاقے پیرآباد میں پیش آیا جہاں پولیس کی سرپرستی میں زمین پر قبضہ کیا جارہا تھا کہ فائرنگ سے تین مزدورہلاک جبکہ پولیس اہلکار سمیت 2 افراد کےزخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب میں کراچی کے تھانہ جوہر آباد کی حدود میں پیش آیا جب چند اسلحہ بردار افراد پولیس کی سرپرستی میں پراچہ چوک کی ایک بلڈنگ کو خالی کروانے کیلئے پہنچ گئے۔ پولیس کے مطابق جیسے ہی ایس ایچ او غیور عباس کی سرپرستی میں پولیس اہلکار بلڈنگ کے قریب پہنچے تو بلڈنگ کے اندر سے مالک اور اس کے بیٹوں نے پولیس پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق اور ایک پولیس اہلکار سمیت 2 افراد زخمی بھی ہوگئے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق ہلاک شدگان کی شناخت شبیر، عبداللہ اور یارگل کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمیوں میں پولیس اہلکار کامل عباس اور شہری افتخار شاہ شامل ہیں۔ ایس ایس پی سینٹرل نے نجی ٹی وی چینل سماء نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایچ او غیور عباس اور پولیس ٹیم کو معطل کرکے گرفتار کرلیا گیا ہے۔ گرفتار افراد میں 5 پولیس اہلکاروں سمیت 12 افراد شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی جس کیلئے ملزمان کو پیرآباد تھانے منتقل کردیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ سندھ پولیس کے اہلکاروں کے اغوا برائے تاوان میں بھی ملوث ہونے کے کیسز بھی سامنے آتے رہے ہیں۔کچھ روز قبل ایک گروہ بھی پکڑا گیا تھا جس کچھ سرکاری اہلکار بھی شامل تھے جو شہریوں کو شارٹ ٹرم اغوا کرکے تاوان وصول کرتے تھے۔
سپریم کورٹ آف پاکستان نے کراچی میں قبضے کی زمین پر پارک، مسجد اور کلب کی تعمیر پر انتظامیہ کو نوٹس جاری کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں طارق روڈ پارک اراضی، کلب اور مسجد کی تعمیر سمیت جھیل پار اور اطراف میں قبضہ کی گئی اراضی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ طارق روڈ پر اس مقام پر تو ایک پارک ہوا کرتا تھا یہاں دلکشاں کلب کیسے بن گیا؟ اس موقع پر پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی کے وکیل نےعدالت کو آگاہ کیا اب اس جگہ پر ایک مسجد بھی تعمیر کردی گئی ہے، اگر سوسائٹی کی جانب سے کوئی کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے تو امن و امان کا مسئلہ درپیش آتا ہے۔ جسٹس قاضی امین نے وکیل کی بات سن کر ریمارکس دیئے کہ قبضے کا سب سے آسان طریقہ ہے کہ اس جگہ پر مسجد تعمیر کردی جائے یا کوئی قبر بنادی جائے، کیا کسی کو پتا ہے کہ مسجد نبوی ﷺ کی توسیع کیسے ہوتی ہے؟ کیا قبضہ کی گئی زمینوں پر تعمیر مسجدوں میں نماز ہوسکتی ہے؟ عدالت نے اس معاملے پر انتظامیہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے حکم دیا کہ عدالت کو وضاحت دی جائے کہ پارک کی جگہ پر کلب اور مسجد کیسے تعمیر ہوئی۔ سپریم کورٹ نے اس حوالے سے محکمہ اوقاف، مذکورہ مسجد کی انتظامیہ کو کل تک جواب داخل کروانے کا حکم بھی جاری کرتے ہوئے، دلکشاں کلب کے خلاف کارروائی اور پارک اراضی سے تمام غیر قانونی تعمیرات ختم کروانے کا حکم جاری کردیا ہے۔
نیشنل سیکیورٹی کمیٹی نے ملک کہ پہلی قومی سلامتی پالیسی برائے 2022-2026 کی منظوری دے دی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کا 36 واں اجلاس ہوا۔ اجلاس میں عسکری حکام اور وزرا شریک ہوئے جن میں شیخ رشید، فواد چوہدری، شیریں مزاری، شاہ محمود قریشی، اسد عمر، اور مشیر قومی سلامتی معید یوسف شامل تھے۔ اجلاس میں پہلی قومی سلامتی پالیسی منظوری کے لیے پیش کی گئی، مشیر قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے پالیسی کے خدوخال پر بریفنگ دی، قومی سلامتی پالیسی کو منظور کرلیا گیا۔ بریفنگ کے دوران مشیر قومی سلامتی کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی پالیسی ایک جامع قومی سیکورٹی فریم ورک کے تحت ملک کے کمزور طبقے کا تحفظ، سکیورٹی اور وقار یقینی بنائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کے تحفظ کی خاطر پالیسی کا محور معاشی سیکورٹی ہوگا، معاشی تحفظ ہی شہریوں کے تحفظ کا ضامن بنے گا۔ اجلاس میں ملک کی سیکیورٹی اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جبکہ افغانستان اور بارڈرز کی صورتحال پر بھی وزیر اعظم کو بریفنگ دی گئی۔ دوسری جانب وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ ‘قومی سلامتی کونسل کے اجلاس نے آج ملک کی پہلی پہلی قومی سلامتی پالیسی کی منظوری دی ہے’۔ انہوں نے کہا کہ ‘یہ پالیسی کل کابینہ کے اجلاس میں پیش کی جائے گی’۔
ایک ماہ کے دوران ملکی معاشی صورتحال میں منفی رجحان دیکھا گیا، براہ راست غیر ملکی آمدنی ہو یا ترسیلات زر یا ملک میں اکھٹی کی گئی ٹیکس آمدنی سب اعشاریے ہی منفی ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزارت خزانہ نے ملکی معیشت کے حوالے سے ماہانہ رپورٹ جاری کردی ہے جس کے مطابق کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں اضافہ، براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں کمی جبکہ بڑی صنعتوں کی پیداوار میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 12.3 فیصد کمی سے797.7 ملین ڈالر رہی، جبکہ پورٹ فولیو سرمایہ کاری مثبت رجحان کے ساتھ 79 ملین ڈالر منفی ہو گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر غیرملکی سرمایہ کاری مثبت رجحان کے ساتھ 455.5 ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔ اسی طرح ملک کے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں 7اعشاریہ 1 ارب ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے بعد ملک کا کرنٹ اکاونٹ خسارہ جی ڈی پی کے 5اعشاریہ3 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔ وزارت خزانہ کے مطابق دسمبر کے مہینے میں ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر23اعشاریہ868 ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں، جس میں اسٹیٹ بینک کے پاس 17 ارب51 کروڑ، کمرشل بینکوں کے پاس 6ارب 45 کروڑ ڈالر کے ذخائر ہیں۔ وزارت خزانہ کی ماہانہ اپ ڈیٹ آؤٹ لک رپورٹ کے مطابق گزشتہ 4 ماہ میں ٹیکس ریونیو 36.8 فیصد اضافے سے 2319.1 ارب روپے رہا، جولائی سے اکتوبر نان ٹیکس آمدنی 5.4 فیصد اضافے سے 452 ارب رہی، ستمبر کے اوائل تک پی ایس ڈی پی میں 392.7 ارب منظور کیےگئے، جولائی سے اکتوبر مالیاتی خسارہ بڑھ کر 587 ارب کی سطح تک پہنچ گیا۔
خیبر پختونخوا کے انسپکٹر جنرل معظم جاہ انصاری نے کہا ہے رواں سال خیبر پختونخوا میں 48 پولیس اہلکار فرائض سرانجام دیتے ہوئے شہید ہوگئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق آئی جی خیبر پختونخوا معظم جاہ انصاری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خیبر پختونخوا پولیس کی سالانہ کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ20 ہزار کی پولیس فورس موجود ہے، ہماری اولین ترجیح عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقنیی بنانا ہے، پولیس کی کوشش اور عوام کے تعاون سے صوبے میں امن کا قیام ممکن ہوا ہے، پہلے عوام اور صوبے کی انتظامیہ میں دہشت گردی کے حوالے سے تشویش پائی جاتی ہے۔ آئی جی کے پی کے نے کہا کہ افغانستان میں تبدیلی کے بعد پولیس اہلکاروں پر حملوں میں اضافہ ہوا۔ پولیس اہلکاروں کو پولیو مہم کے دوران بھی نشانہ بنایا گیا۔ رواں سال کے پی میں فرائض کی انجام دہی کے دوران 48 پولیس اہلکار شہید ہوئے ہیں، شہداء کے لواحقین کیلئے 41 کروڑ کے فنڈز جاری کیے ہیں، ہمارا مشن تھا کہ پرانے تھانہ کلچر کو تبدیل کیا جائے جس میں کافی حد تک کامیابی حاصل ہوئی ہے ، ہر تھانے میں آسان مراکز قائم کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے میں انسداد دہشت گردی فورس نے کارروائی کرتے ہوئےتقریبا 600 دہشتگردوں کو گرفتار کیا، اس ایک سال میں پولیس نے صوبے میں 19 ہزار سے زائد سرچ آپریشنز کیے، سال میں 12 پولیو مہم چلائی گئیں، خواتین کی ہراسگی سے نمٹنے کیلئے خصوصی موبائل ایپلیکیشن تیار کی، صوبے میں منشیات کی روک تھام کیلئے کی گئی کارروائیوں کے دوران900 کلو گرام چرس، ہیروئن اور آئس پکڑی گئی۔
والدین کو گھر سے نکالنا جرم ہے،بچہ گھرکا مالک ہو یا کرائے پر ہو والدین کو گھرسے نکالے تو جرم ہے، لاہور ہائیکورٹ کا تحریری فیصلہ لاہور ہائیکورٹ نے تحفظ والدین آرڈیننس 2021 کے قانون پر تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ بچہ گھرکا مالک ہو یا کرائے پر ہو والدین کو گھرسے نکالے تو یہ جرم ہے، ایسا کرنیوالی اولاد کو ایک سال قید اور جرمانہ ہو سکتا ہے۔ جسٹس علی باقر نجفی کے تحریری فیصلہ کے مطابق والدین کے نکالنے پر بچہ 7 دن میں گھر خالی کرے ورنہ 1 ماہ کی سزا ہو سکتی ہے۔ عدالت نے یہ فیصلہ ایک شہری میاں اکرام کے کیس میں دیا تھا، علی اکرام پر اس کے والد میاں محمد اکرام نے گھر سے بے دخلی کا الزام لگایا تھا۔ والد اکرام نے بیٹے علی اکرام کے خلاف ڈپٹی کمشنر کو کارروائی کی درخواست دی جس پرڈپٹی کمشنرنے والد کو متعلقہ عدالت سے رجوع کی ہدایت کی تھی۔ لاہور ہائیکورٹ نے ڈپٹی کمشنر اور اپلیٹ کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قراردیدیا اور ڈپٹی کمشنر کو عدالتی فیصلے کی روشنی میں قانون کے مطابق کارروائی کی ہدایت کر دی۔ واضح رہے کہ اسی سال جون میں تحفظ والدین آرڈیننس 2021 کے تحت پہلے کیس کا فیصلہ سنایا گیا تھا۔ جس میں گھر سے بیدخل کرنیوالے بیٹے کو ایک ماہ قید اور 50 ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنائی گئی تھی۔ مظفرگڑھ میں بیوی کے کہنے پر ضعیف والدین کو تشدد کا نشانہ بناکر انھیں گھر سے بیدخل کرنے والے بیٹے کو ایک ماہ کیلئے جیل بھیج دیا گیا اورر ملزم پر 50 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے پولیس کو نافرمان بیٹے سے اس کے والدین کا گھر 3 روز میں خالی کروانے کی ہدایت کی۔ گھر سے نکالے جانے کے بعد ملزم کی والدہ گھروں میں کام کرکے گزارہ کرتی رہی جبکہ قوت سماعت سے محروم والد رات مجبوراً قبرستان میں بسر کرتا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق چھوٹی عمر میں بھارت سے فروخت ہوکر کراچی پہنچنے والی خاتون منی کا 40 سال کے بعد سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے اہل خانہ سے رابطہ ہوگیا۔ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں کراچی کی رہائشی منی نامی ایک خاتون کو بھارت میں اپنے آبائی شہر مراد آباد اور ان کے رہائیشوں کی نشانیاں بتاتے دیکھا جا سکتا ہے۔ خاتون نے بتایا کہ کم عمری میں میرے ایک رشتے دار نے نئی دہلی لے جاکر ایک شخص کے ہاتھوں فروخت کردیا تھا جو مجھے کراچی لے لایا۔ 40 سال ہوگئے میرا گھر والوں سے رابطہ نہیں ہوا۔ مذکورہ ویڈیو بھارت میں مقیم منی کے بھائی نے دیکھ لی جس کے بعد دونوں کا واٹس ایپ پر رابطہ ہوا۔ اس طرح 40 سال بعد منی کا اپنے خاندان سے رابطے میں آ گئی جس پر وہ بے حد خوش ہے۔ منی نے بتایا کہ کراچی میں مجھے جس شخص نے اغوا کار کے چنگل سے بچایا اب وہ میرے شوہر ہیں۔ میں نے اپنا نام بشریٰ رکھا اور میرے 4 بچے ہیں میں یہاں خوشحال ہوں اور بہترین زندگی گزار رہی ہوں۔
سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں عسکری پارک کیس کی سماعت ہوئی۔ پاک فوج کی فائیو کور کے وکیل نے پیش ہوکر بتایا کہ 2001 میں پرویز مشرف دور میں سبزی منڈی کو منتقل کیا گیا تو پارک بحال کرنے کی استدعا کی گئی۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق چیف جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے کہ وہاں آپ نے 88 دکانیں بنالیں، شادی ہال چل رہے ہیں، اگر آپ سے حساب مانگ لیں تو پھر کیا کریں گے، آپ کے پارک میں جھولوں سے گر کر بچے مر چکے ہیں، آپ نے ایسے جھولے کیوں لگائے؟ شادی ہال بھی نوٹس کے بعد ختم کیا، اس سے پہلے آپ وہاں کمرشل کام کر رہے تھے۔ جسٹس قاضی محمد امین احمد نے کہا کہ یہ سُبکی والی صورتحال ہے، اس معاملے کو طول نہ دیں، زمین واپس کردیں، فوج کا بڑا اونچا کام ہے، بڑا مقدس فریضہ ہے، ہر ادارے کا اپنا کام ہوتا ہے، ہم اپنے بچے جنگوں کے لیے فوج میں بھیجتے ہیں، تجارت کے لیے نہیں بھیجتے۔ جسٹس قاضی محمد امین احمد نے آرمی فائیو کور کے وکیل سے کہا کہ آپ کو تو پورے پاکستان کی حفاظت کا کہا گیا ہے، آپ وہ کام کریں جو آئینی ہے، آپ کے ایم سی کو زمین واپس کریں۔ عدالت نے عسکری پارک کو فائیو کور سے بلدیہ عظمیٰ کراچی کی تحویل میں لینے کا حکم دیتے ہوئے پارک سے تمام تر کمرشل کاروبار کے خاتمے کا بھی حکم دیا۔

Back
Top