
سابق وزیراعظم عمران خان نے ن لیگی قیادت کی مبینہ آڈیو لیک کے معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سچ الحق ہے، تھوڑا انتظار کریں سب سامنے آجاتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کرک میں انتخابی مہم کے دوران ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے وزیراعظم کی مبینہ آڈیو لیک پر ردعمل دیا اور کہا کہ اس آڈیو سے تین باتیں تو واضح ہوگئی ہیں، نمبر ایک یہ کہ مریم نواز اپنے داماد کیلئے بھارت سےمشینری منگوانے کی سفارش کررہی ہیں، آدھی مشینری آ بھی چکی ہے باقی کیلئے سفارش کی جارہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دوسری بات یہ ہے کہ مریم نواز موجودہ حکومت سے ناجائز کام کروارہی ہیں اور تیسری بات یہ کہ مریم نواز سچ نہیں بول سکتیں، میں قوم کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ سچ الحق ہے، تھوڑا صبر کرنا پڑتا ہے اس کے بعد سب کچھ خود سامنےآجاتا ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اپنےمخالفین کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ اس وقت مجھےتین وکٹیں نظر آرہی ہیں، میں ایک ہی گیند سے ان تینوں کو کلین بولڈ کروں گا، ایک ان میں بیماری ہے جس کا نام زرداری ہے،دوسرا شہباز شریف ہے جو بوٹ دیکھتے ہی پالش شروع کردیتا ہے، اور تیسرا مولانا فضل الرحمان ہےجس نے پیسہ کمانے کیلئے اپنے بیٹے کو مواصلات کا وزیر بنوایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حقیقی آزادی کیلئے پورےملک میں جاؤں گا، آج یہاں کرک کے لوگوں کا جذبہ دیکھ کر مجھے یقین ہوگیا کہ میرے لوگ باہر نکلنے کیلئے تیار ہیں، ہم کبھی نہیں بھول سکتے کہ کیسے 25 مئی کو ہماری خواتین اور بچوں پر گولیاں اورشیل برسائے گئے، میں اب مجرم قاتل رانا ثناء اللہ اور شہباز شریف کیلئے پوری پلاننگ کررہا ہوں، ہماری حقیقی آزادی کی تحریک انشااللہ آخری اور فیصلہ کن ہوگی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/4khaninkarak.jpg