سپریم کورٹ نے وزارت ِاطلاعات کاخفیہ فنڈ منجمد کردیا 06 ستمبر 2012 (19:50) کوئٹہ(مانیٹر نگ ڈیسک) سپریم کورٹ میں میڈیا کے احتساب کے لیے کمیشن بنانے کی درخواست پر عبوری حکم کے تحت وزارت اطلاعات کے سیکرٹ فنڈبارہ ستمبر تک منجمدکرنے کاحکم دے دیاہے ۔ حامد میر اور ابصار عالم کی درخواست کی سماعت کے دوران جسٹس خلجی عارف حسین نے استفسار کیا کہ کیا اخبارات کو اشتہارات دینے کا کوئی طریقہ وضع ہے سماعت کے دوران حامد میر کا کہنا تھا کہ حکومت میں شامل لوگوں کو سیکرٹ فنڈ اور اس کے استعمال کا پتا ہے۔ پیپلز پارٹی والے 2002ءمیں سیکرٹ فنڈ کے غلط استعمال کا الزام عائد کرتے تھے ۔بجٹ دستاویزات میں بھی سیکرٹ فنڈ کا اندراج ہے ۔ مشاہد حسین نے سیکرٹ فنڈ کو شفاف بنانے کے لیے بینک ڈرافٹ کے ذریعے ادائیگی کا ذریعہ بنایا تھا۔ جسٹس جواد ایس خواجہ نے صحافیوں سے استفسار کیا کہ یہ بتائیں کہ وزارت اطلاعات کا کیا کام ہے جس پر ابصار عالم کا کہنا تھا کہ وزارت اطلاعات کا کام کوئی نہیں ہے یہ محض اخبارات پر دباﺅ کے لیے ہے۔