
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہاہےکہ اگر یہ اسلام آباد ٹیک اوور کرنے آئیں گے تو ہم لاہور اور پشاورمیں ان کا گھیراؤ کریں گے۔
خبررساں ادارےآج نیوز کےپروگرام "فیصلہ آپ کا " میں وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈا پور کے بیان پر ردعمل دیا جس میں علی امین گنڈا پور نے کہا تھا کہ ہم اسلام آباد کا ٹیک اوور کریں گے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اگر یہ کشمیر روڈ پر 15 ہزار لوگوں کو جمع کرسکتےہیں تو کیا وفاقی حکومت میں شامل جماعتوں کی اتنی بھی عوامی طاقت نہیں ہے کہ وہ لاہور میں 10 سے 12 ہزار لوگ جمع کرسکیں، یا پشاور میں 10 ہزار لوگوں کو باہر نکال سکیں، یہ ان کی بھول ہے، ہم ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر نہیں بیٹھیں گے، اگریہ اسلام آباد کو ٹیک اوور کرسکتے ہیں تو ہم لاہور اور پشاور کا گھیراؤ کرسکتے ہیں۔
رانا ثناء االلہ نے کہا کہ 25 مئی کو بھی یہ لوگ اسلام آباد کو ٹیک اوور کرنےکیلئے پچاس لاکھ لوگوں کو لےکر آرہے تھے،یہ پورے شہر کو بند کرنے اور تب تک بند رکھنے کا منصوبہ بناکر آرہے تھے جب تک حکومت استعفیٰ نہیں دےدیتی، ان لوگوں کی باتوں کا کیا ہے یہ پہلے بھی بہت کچھ کہہ چکے ہیں اب بھی کہہ رہے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اول تو یہ ایسا کوئی بھی قدم اٹھانے کے قابل نہیں ہیں، پھر بھی اگر یہ ایسا کریں گے تو ہم انہیں پوری طاقت سے روکیں گے۔