
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کی اہلیہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم جب بیت اللہ گئے تو وہاں بھی شہبازگل کیلئے دعا کی ہے۔
وزیر داخلہ راناثنا کی اہلیہ نے جاری بیان میں کہا ہے کہ ان کے شوہر کو جب گرفتار کیا گیا تو اس دوران ان پر شدید تشدد کیا گیا، رانا ثنا پر تشدد کرانے والوں میں شہباز گل بھی شامل تھے۔
رانا ثنا کی اہلیہ نے کہا کہ ان کے شوہر پر جتنا بھی تشدد کیا گیا مگر وہ کسی پر تشدد کیے جانے کے حق میں نہیں ہیں۔ شہبازگل پر تو کسی نے تشدد کیا بھی نہیں وہ دراصل اپنے ہی خوف کی وجہ سے پریشان ہو رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جب رانا ثنا حوالات یا جیل میں تھے تو ان کے سیل میں چینی پھینک دی جاتی تھی جس پر آنے والے کیڑے ان کو کاٹتے تھے، میرے شوہر کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا مگر انہوں نے کبھی ہمیں یہ بات نہیں بتائی لیکن پھر بھی ہمیں پتہ چل جاتا تھا۔
وزیر داخلہ کی بیوی نے کہا کہ میرے خاوند نے کسی پر تشدد نہیں کرایا۔ وہ تو بس اپنے کیے کی سزا بھگت رہے ہیں، لیکن میرا ذاتی خیال ہے کہ شہبازگل تو کیا کسی پر بھی تشدد نہیں ہونا چاہیے۔
یاد رہے کہ شہباز گل کی گرفتاری کے بعد وزیرداخلہ آئے روز ٹی وی پر ان کے خلاف بیانات دیتے رہتے ہیں تاہم لیگی رہنماؤں کی جانب سے یہاں تک کہا گیا ہے کہ حکومت ڈاکٹر شہباز گل سے صرف عمران خان کے خلاف بیان لینا چاہتی ہے۔