
حکومتی اتحادی ق لیگ کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے اپوزیشن کی جانب سے ق لیگ کو وزارت اعلی دینے پر رضامندی کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ تاحال ہمیں تو ایسی کوئی خبر نہیں ملی، نہ ہی پارٹی قیادت نے اپوزیشن کے ساتھ اتحاد کا کوئی فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نجی نیوز چینل کے پروگرام "فیس ٹو فیس" میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد اور حکومت کو چھوڑ کر اپوزیشن کے ساتھ اتحاد کرنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ کا کہنا تھا کہ ہمیں ایسی کوئی اطلاع نہیں ہے کہ کون وزارت اعلی دے رہا ہے کون نہیں دے رہا۔
ان کا کہنا تھا کہ میڈیا کے جو بھی چینل لگاتے ہیں ایک نئی خبر سامنے آ جاتی ہے، تاہم ابھی تک ق لیگ نے خود فیصلہ نہیں کیا کہ ہم نے اپوزیشن کے ساتھ جانا ہے یا نہیں، گورنمنٹ کے ساتھ رہنا ہے یا نہیں رہنا تو وہ پہلے ہی کیسے ہمیں چیف منسٹری دے سکتے ہیں۔
اپوزیشن سے ملاقاتوں کے حوالے سے کئے جانے والے سوال کے جواب میں طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ اگر سب مل رہے ہیں، کوئی ہمیں ملنے آرہا ہے تو ایک دوسرے کو ملنا سیاستدانوں کا، سیاسی جماعتوں کا کام ہوتا ہے، ایک دوسرے سے مشاورت کرنا، انہی ملاقاتوں اور مشاورت کے نتیجے میں کوئی نہ کقئی فیصلہ لیا جاتا ہے۔
https://twitter.com/x/status/1503022399037521927
پروگرام اینکر نے سوال کیا کہ دونوں جانب سے عدم اعتماد پر تعاون مانگا جا رہا ہے، کیا ق لیگ خود الجھن اور تذبذب کا شکار ہے کہ کیا فیصلہ کرنا ہے کیونکہ پارٹی میں بھی دو گروپ موجود ہیں جو مختف رائے رکھتے ہیں، جس کے جواب میں ق لیگی رہنما نے پارٹی میں گروپوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ایسا نہیں ہے، پارٹی میں کوئی گروپ نہیں ہیں، یہاں فیصلے کا اختیار چوہدری پرویز الہی کے پاس ہے، وہ جو بھی فیصلہ کریں گے چوہدری صاحب کریں گے، جب معاملات کلیئر ہو جائیں گے جو بھی فیصلہ ہو گا سامنے آجائے گا۔
انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ابھی تک اسمبلی سیشن کی تاریخ نہیں دی گئی، عدم اعتماد پر ووٹ کی تاریخ نہیں دی گئی، پورے پاکستان میں صرف ہمارے ہی فیصلے کا شدت کے ساتھ انتظار کیا جارہا ہے، اور ہم انشاءاللہ جو بھی فیصلہ لیں گے وہ موجودہ حالات کے تناظر میں بہتر فیصلہ ہو گا، جو پارٹی اور صوبے کے مفاد میں ہوگا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/tarq-abh11i.jpg