کراچی کے علاقے نارتھ کراچی میں لاپتہ ہونے والے 7 سالہ بچے صارم کی لاش زیرزمین پانی کے ٹینک سے برآمد ہوئی ہے، جس کے بعد پولیس کی تحقیقات پر کئی سوالات اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔
جائے وقوعہ پر پہنچنے والے ایم کیو ایم کے ایم پی اے عبدالوسیم کو دیکھ کر اپارٹمنٹ کے مشتعل رہائشیوں اور خواتین نے انہیں گھیر لای کھری کھری سناتے ہوئے کہا کہ ہمارا بچہ چلا گیا، اب آپ سیاست کرنے آگئے ہیں۔
متاثرہ بچے کے لواحقین کا کہنا تھا کہ بچہ اپارٹمنٹ میں تھا، لیکن پولیس رشتہ داروں کے گھروں پر چھاپے مارتی رہی۔
عبدالوسیم، خواتین کے غصے کو دیکھتے ہوئے، بغیر کوئی وضاحت دیے واپس چلے گئے۔
https://twitter.com/x/status/1880622761644831177
مشتعل رہائشیوں نے اپارٹمنٹ کی یونین سے بھی تلخ کلامی کی۔مشتعل خواتین نے اپارٹمنٹ کی یونین کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور ان پر بچے کے قتل میں ملوث ہونے کے الزامات لگائے۔
واضح رہے کہ صارم 11 دن قبل پراسرار طور پر لاپتہ ہوا تھا، اور آج اس کی لاش گھر کے قریب زیر زمین پانی کے ٹینک سے ملی۔
اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ واٹر ٹینک پر ڈھکن کی جگہ گتے کا ٹکڑا رکھا ہوا تھا، بچہ حادثاتی طور پر گرا یا کسی نے پھینکا، ہم اس معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں
ایس ایس پی انویسٹی گیشن کنور آصف کے مطابق، وال مین نے فلیٹ یونین کو اطلاع دی کہ جب وہ موٹر چلانے گیا تو بدبو محسوس ہوئی۔ چیک کرنے پر پانی کے ٹینک سے بچے کی لاش برآمد ہوئی۔
ایس ایس پی نے مزید بتایا کہ بچے کے لاپتہ ہونے کے اگلے دن چار ٹینکوں کی تلاشی لی گئی تھی، لیکن اس وقت مذکورہ ٹینک پانی سے مکمل بھرا ہوا تھا، جس کے باعث کچھ نظر نہیں آیا۔ اندھیرے میں ٹارچ کی مدد سے بھی کچھ دکھائی نہ دے سکا۔