لاہور میں گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا ہے، جس کے بعد قیمتیں 550 روپے فی کلو سے تجاوز کر گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں 30 روپے فی کلو کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اس اضافے کے بعد، کوکنگ آئل کی قیمت 530 روپے سے بڑھ کر 560 روپے فی کلو جبکہ گھی کی قیمت 520 روپے سے بڑھ کر 550 روپے فی کلو ہوگئی ہے۔
کراچی میں برانڈڈ گھی کی قیمت فی کلو 500 روپے تک پہنچ چکی ہے، اور مارکیٹ ڈیلرز کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک ماہ میں کراچی برانڈڈ گھی کی قیمت میں 120 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ مزید برآں، قیمتوں میں مزید اضافے کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کے آخر میں بھی گھی اور تیل کی قیمتوں میں 40 سے 50 روپے فی کلو کا بڑا اضافہ ہوا تھا۔ چیئرمین بناسپتی مینوفیکچررز، عمر ریحان کے مطابق، بین الاقوامی مارکیٹ میں پام آئل کی قیمتوں میں 300 ڈالر فی ٹن کا اضافہ ہوا ہے۔ عالمی سطح پر پام آئل کی قیمت گزشتہ دو ماہ میں 900 ڈالر سے بڑھ کر 1200 ڈالر فی ٹن تک پہنچ گئی ہے۔
عمر ریحان نے مزید کہا کہ پام آئل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں اضافہ جاری رہے گا، اور حکومت تیل و گھی پر فی کلو 100 روپے کا ٹیکس وصول کر رہی ہے۔ انہوں نے وزیر خزانہ سے ملاقات میں ٹیکس میں کمی کی اپیل کی تھی۔
واضح رہے کہ پاکستان ہر سال 32 لاکھ ٹن پام آئل درآمد کرتا ہے، جبکہ ملک کی مجموعی طلب 45 لاکھ ٹن ہے۔