tariisb
Chief Minister (5k+ posts)
تقریبات ، ایام و ترتیب ، سب قہقہوں ، ذائقوں ، میں الجھے رہتے ہیں ، دل لگا رہتا ہے ، دل کو لگی رہتی ہے ، کہیں ڈوب گیا ، کہیں لگ گیا ، کہیں ٹوٹ گیا ، کہیں بس ہاتھ سے چھوٹ گیا ، محنت جاری رہتی ہے ، مشقت بھی ہوتی رہتی ہے ، رات گیے ، اندھیرے اندھیرے ، لڑکھڑآہٹ ، بوجھل سے قدم ، تھکی تھکی سی چال ، گھر تا بستر ، ایک وجود دھڑام ، نا سوچ بنی ، نا فکر پڑی ، صبح ہوئی ، پھر سے وہی مشقت ، پھر سے ویسی ہی دل لگیاں ، دل کو جا لگیاں ، وجود ہاتھ میں بستہ سنبھالے گھر سے نکل پڑتا ہے
______________________________________________________________________________________
اس میلے میں ، ہجوم و رونق میں ، چند معصوم آپ کے اطراف کھڑے ہیں ، معصوم ، بہت معصوم ، شرارتی بھی ، سوالی بھی ، عاجز بھی ، ضدی بھی ، دل دنیا کی روشنی ، دھن دولت کے مالک بھی ، کوئی گود میں بیٹھ جاتا ہے ، بابا کیا لاے ہو ؟ کوئی کندھے سے سر لگا کر ، کان میں سرگوشی کرتی ہے "بابا دیر سے کیوں آے ہو ؟ ، ایک طرف ماں بیٹھی ، دوسری طرف "وہ" کھڑی ، عالم پناہ ، یا عالم پناہ ! ظل الہی ، حضور کا اقبال بلند ہو ، سب ہو چکا ، اب اپنی اپنی لگی ہے ، اک دل ہے ، اور سب کو اسی سے لگی ہے ، ڈاکٹر کے جانا ہے ، ادویہ لاے ہو ، کل سکول میں فنکشن ہے ، ساتھ جانا ہے ، عزیز کی شادی ہے ، خریداری بھی کرنی ہے ، بچوں کے سوال ہیں ، لمبا سا سیشن ہے ، عجیب ہیں ، عجیب ہیں ، سوال عجیب ہیں ، سائل ! گھر کے شاہ ، بادشاہ کو کیا سے کیا سمجھ لیتے ہیں ، ہر سوال کا جواب فوری مانگتے ہیں ، سائنس بھی ، سیاست بھی ، ڈاکٹر بھی ، کوئی عالم بھی ، ہر سوال ساتھ ، بہروپ بدلنا پڑتا ہے عامر لیاقت بننا پڑتا ہے ، جواب دینا پڑتا ہے ، مسکراہٹ آتی ہے ، کبھی قہقہے میں بدل جاتی ہے ، ہٹو بچو ، ہٹو بچو ، ہٹو بچو کی صدا آتی ہے ، نہیں نہیں ، رہنے دو ، فرشتوں کو پاس رہنے دو ، سوال در سوال کرنے دو ، مجھے لاجواب ہونے دو ، رہنے دو رہنے دو ، فرشتوں سے مجھے مکالمہ کرلینے دو ، ہفتہ کو پارک جانا ہے ، رش نہیں ہوتا ، ہاں !ضرور جانا ہے ، موسم اچھا ہے ؟ برف دیکھنے بھی جانا ہے ، الله سے دعا کرو نا ، بادشاہ نے بچوں کو "وسیلہ" بنا لیا ، ان کے پیچھے چھپ کھڑا ہوا ، عالم پناہ سے عالیجاہ تک ، اب بارگاہ ہے ، عالیجاہ چھپا کھڑا ہے ، سہما کھڑا ہے ، بچے کھڑے ہیں ، الله میاں سے سوال کرتے ہیں ، پیارے الله میاں ، ہم نے برف دیکھنی ہے ، جلدی سے بادل دیں ، بارش دیں ، ابر ؟ ابر کرم دیں ، جلدی دیں ، ابھی دیں ، معلوم ہوا ، جتنا بھی ہے ، جہاں بھی ہے ، جیسا ہے ؟ جہاں بھی ہے ، ان معصومین جیسا کوئی بڑا ، بادشاہ بھی نا ہوا
_______________________________________________________________
کائنات میں ان گنت کہکشاں ہیں ، کہکشاؤں میں لاکھوں سیارے ہیں ، ان لاکھوں میں ایک زمین ہے بس زمین ہے ، زمین میں کتنے ہی ملک ، شہر ، شاہراہیں ، گھر اور نفوس ہیں ، اربوں لوگ ہیں ، ان اربوں میں ، ایک گھر ہے ، ایک گھر میں چند گھر والے ہیں ، ان گھر والوں میں ، آپ اہم ہیں ، وزیر اعظم سمجھ لیں ، صدر بن جائیں ، یا سپہ سالار کا روپ دھار لیں ، لیکن ؟ لیکن ؟ ہر روپ میں ایک بات کا خیال رہے ، سب بہت معصوم ہیں ، ان کے لیے شاہ ، بادشاہ ، عالم پناہ ، عالیجاہ ، عزت مآب ، آپ ؟ جناب ؟ آپ ہی آپ ہیں ، ان پر توجہ دیں ، بات سنیں ، جواب دیں ، ہمت دیں ، نصیحت کریں ، دین و دنیا ، گھر داری و دنیا داری ، ہر کام میں ناصح ہی نہیں ، معاون بنیں ، کیوں کہ ؟ دنیا کسی کہکشاں سے نہیں ، آپ کے گھر سے شروع ہوتی ہے ، اور یہیں ختم بھی ہوتی ہے
________________________________________________________________________________________________
