
ناظم جوکھیو قتل کیس کے نامزد ملزم پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی جام عبدالکریم نے آج کے دن پاکستان آنے کا اعلان کیا تھا وہ آج صبح غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز سے پاکستان آنے والے تھے مگر پی پی رہنما اپنے اعلان کے باوجود وطن واپس نہیں آئے۔
جام عبدالکریم نے آج صبح 7 بجے کی غیر ملکی ایئرلائن ای کے 612 سے پاکستان آنا تھا تاہم اب نئی اطلاعات کے مطابق وہ شام 7 بجے پاکستان پہنچیں گے۔ ان کا پاکستان آنے کا مقصد حکومت مخالف تحریک عدم اعتماد کو کامیاب بنانے کیلئے ووٹ ڈالنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جام عبدالکریم عبدالکریم اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد میں ووٹ دینے کیلئے آ رہے تھے مگر فی الحال عدم اعتماد پر ووٹنگ کچھ روز کیلئے مؤخر ہوئی ہے اس لیے جام کریم نے آنے کا فیصلہ بدل دیا ہے۔
دوسری جانب ناظم جوکھیو قتل کیس کے نامزد ملزم رکن قومی اسمبلی جام عبد الکریم نے وطن واپسی سے متعلق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید اور گورنر سندھ عمران اسماعیل کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی جس میں موقف اپنایا گیا کہ ناظم جوکھیو قتل کیس میں 25 مارچ کو حفاظتی ضمانت حاصل کی۔
انہوں نے کہا کہ ٹرائل کورٹ میں پیش ہوکر سرینڈر کرنا چاہتا ہوں۔ وفاقی وزیر داخلہ نے عدالتی احکامات کے باوجود گرفتار کرنے کا اعلان کرکے عدالت عالیہ کے حکم کا مذاق اڑایا ہے۔ گورنر سندھ نے نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے وفاق کو خط لکھا ہے۔ استدعا ہے کہ شیخ رشید اور گورنر سندھ کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔
عدالت نے ایڈوکیٹ جنرل سندھ کے دلائل سننے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے حفاظتی ضمانت منظور کی ہے، پہلے ملزم کو آنے تو دو۔ اگر گرفتاری ہوتی ہے تو پھر توہین عدالت کی درخواست دائر کریں۔ جب کچھ ہوا ہی نہیں تو ہم کیسے توہین عدالت کے نوٹسز جاری کریں؟ عدالت نے درخواست واپس لینے پر نمٹا دی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/jam-khan-arr.jpg