
ضلع گجرات کے علاقے سرائے عالمگیر میں واقع میٹرو سٹی ہاؤسنگ سوسائٹی کی انتظامیہ نے زمین پر قبضہ کرنے کی کوشش کی تو اس زمین کے مالکان موقع پر پہنچ گئے۔ ہاؤسنگ سوسائٹی کے گارڈز نے سیدھی فائرنگ کی تو 2 لوگ موقع پر مارے گئے جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق گجرات میں بننے والی میٹرو سٹی ہاؤسنگ سوسائٹی بزنس ٹائیکون ملک ریاض کے بھانجے ملک بلال کے نام پر شروع کی گئی تھی۔ اس ہاؤسنگ سوسائٹی کی انتظامیہ نے چوآء گاؤں اور اس کے آس پاس کی زرعی اراضی پر قبضہ کرنا شروع کر دیا۔ اس زمین کے مالکان نے موقع پر پہنچ کر مزاحمت کی تو ہاؤسنگ سوسائٹی کے گارڈز نے سیدھی فائرنگ کر دی جس سے ایک خاتون اور ایک مرد جاں بحق ہو گیا جبکہ 6 سے زائد افراد شدید زخمی ہو گئے۔
متاثرہ افراد کی جانب سے ہاؤسنگ سوسائٹی کے دفتر کو آگ لگا دی گئی اور بعد ازاں جی ٹی روڈ کو ٹریفک کیلئے بلاک کر دیا۔ واقعہ کی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہاؤسنگ سوسائٹی سے دھویں کے بادل اٹھ رہے ہیں جبکہ مشتعل مظاہرین نے دفتر کو آگ لگا دی ہے اور پتھر پھینکنے سے عمارت کے شیشے بھی ٹوٹ گئے ہیں۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق اس پرتشدد مظاہرے میں کم از کم چار موٹرسائیکلوں کو بھی نذر آتش کیا گیا ہے۔ مشتعل مظاہرین کا کہنا ہے کہ ان کو ہاؤسنگ سوسائٹی کی انتظامیہ نے ان کے علاقے سے نکالنا شروع کر دیا اور اس مقصد کیلئے فائرنگ کی گئی ہے جس کے بعد مظاہرین نے سوسائٹی کے دفتر کو آگ لگا دی اور پھر جی ٹی روڈ پر دھرنا دے دیا۔
ڈی پی او گجرات نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین سے مذاکرات کیے تاہم ان مذاکرات کا کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا۔ پولیس کی جانب سے دھرنے کے اطراف بھاری نفری کو تعینات کر دیا گیا ہے۔ پولیس کی جانب سے ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔ جبکہ ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے 2 کی حالت تشویشناک ہے۔


واقعہ کے خلاف تھانہ صدر سرائے عالمگیر ضلع گجرات میں مقدمہ درج کیا گیا ہے جس میں دفعہ 302، 324، 447، 511، 148 اور 149 شامل کی گئی ہے۔ مقدمے میں 10 مسلح ملزموں جبکہ 50 نامعلوم افراد کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
- Featured Thumbs
- https://i.ibb.co/NC4d1NN/malik.jpg
Last edited: