
سابق وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری اور سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے کہا ہے کہ راجا پرویزاشرف کے پاس ٹکڑوں میں استعفے منظوری کا کوئی اختیار نہیں، یہ استعفے تو پہلے ہی منظور ہوچکے ہیں۔
یاد رہے اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کی جانب سے تحریک انصاف کے 11 ارکان کے استعفوں کی منظوری کی تصدیق کی گئی تھی، جس پرتحریک انصاف کے رہنماؤں سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
نجی چینل سے بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کے نائب صدر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری پی ٹی آئی 130 ارکان کے استعفے منظور کرکے الیکشن کمیشن کو بھجوا چکے ہیں، اب پرویز اشرف کے پاس ٹکڑوں میں استعفے منظوری کا اختیار نہیں۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ الیکشن کمشن کو 130 ارکان کا نوٹیفیکیشن جاری کرنا چاہیے، اور اگر حکومت میں جرات ہے تو تمام سیٹوں پرالیکشن کروائے۔
دوسری جانب اسپیکر اسمبلی کی جانب سے گیارہ ارکان کے استعفوں کی منظوری کو بلاجواز اور غیر قانونی قرار دیتے ہوئے سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کا کہنا تھا کہ یہ استعفے تو میں پہلے ہی منظور کرکے الیکشن کمیشن بھجوا چکا ہوں.
قاسم سوری نے کہا کہ تحریک انصاف کے تمام ارکان نے اکٹھے استعفے دئیے تھے اور اکٹھے ہی جمع ہوئے، اس لیے استعفوں میں تفریق ممکن نہیں، استعفوں کی منظوری کبھی بھی پول میں نہیں ہوسکتی۔