
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ حکومت کے تعلقات بالکل ٹھیک ہیں، عمران خان کا بیان اپوزیشن کیلئے تھا۔
سماء نیوز کے پروگرام لائیو ود ندیم ملک میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہمارے اسٹیبلمشمنٹ کے ساتھ تعلقات بالکل ٹھیک ہیں، ہم ایک لائن و لینتھ پر ہیں، عمران خان کا حکومت سے نکل کر خطرناک ہونے سے متعلق بیان اپوزیشن کیلئے تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے یہ بیان دے کر تمام چینلز ، اینکرز اور اپوزیشن کو مصروف کردیا ہے، نواز شریف کو لندن میں بٹھانے میں ہم سب برابر کے شریک ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ شریف خاندان سیاست سے مائنس ہوچکا ہے، شہباز شریف نے نواز شریف کوواپس لانے میں ایک کردار ادا کیا ، مگر شہباز شریف نواز شریف سے زیادہ کرپٹ ہے، کیا ہمارے اسلامی دوست ممالک کو ان کی کرپشن کا علم نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ شہزاد اکبر کو نکالنے کے معاملے پر کچھ نہیں کہہ سکتا مگر عمران خان کرپشن اور احتساب کے معاملے پر ہار نہیں مانے گا، میں یہ اعتراف بھی کرتا ہوں کہ ہم کسی کو کرپشن کے کیس میں سزا نہیں دلواسکے۔
شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن کا مقصد ہے کہ حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کی لڑائی ہو، ان کی سیاست اور ہے کیا، حکومت اور اسٹیبلمشنٹ کے درمیان کوئی لڑائی نہیں ہے، ملٹری قیادت کا یہ فیصلہ ہے کہ وہ منتخب حکومت کے ساتھ کھڑی ہوگی اپوزیشن کیلئے راستہ اور جگہ اگلا الیکشن ہے اور کچھ نہیں۔