کچے کے ڈاکو ایک بار پھر سرگرم، 2 پولیس اہلکار اور 6 افراد کو اغوا کرلیا

kacha1hh11.jpg


سندھ میں کچے کے ڈاکوؤں کو قابو کرنا پولیس و قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پہنچ سے دور ہوگیا، ڈاکوؤں کی لوگوں کو اغوا کرنے کی وارداتوں میں کمی نا آسکی۔

تفصیلات کے مطابق سندھ میں کچے کے ڈاکوؤں نے گھوٹکی کے علاقے آندل سندرانی میں پولیس چوکی 5 کو نشانہ بنایا اور 2 پولیس اہلکاروں کو اسلحے سمیت اغوا کرکے اپنے ساتھ لے گئے۔

کچے کے ڈاکوؤں نے شکار پور کے علاقے آندلانی پل کے قریب سے 3 اور کچے کے قریب سے ایک شخص کو اغوا کیا جبکہ جیکب آباد کے گاؤں گڑھی حسن سے 2 شہریوں کو اغوا کرکے اپنے اڈوں پر لے گئے ہیں۔

پولیس کی جانب سے اپنے پیٹی بھائیوں کی بازیابی کیلئے بھرپور جوابی کارروائی کی گئی اور کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف کارروائی کی گئی ، پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں ایک ڈاکو مارا گیا اور ایک پولیس اہلکار بھی شہید ہوگیا۔

پولیس کی جانب سے مغوی پولیس اہلکاروں کی بازیابی کیلئے کوششیں جاری ہیں اور موقع پر مزید نفری بھی طلب کرلی گئی ہے۔

دوسری جانب پولیس نے جیکب آباد ، خیر پور، گڑی ریگولیٹر کے علاقوں میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کیا ہے، اس دوران 2 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کیا جبکہ 3 ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔