کچے کے علاقے میں کرپشن سے 1 ارب کے اثاثے بنانے والا پولیس اہلکار گرفتار
ملزم کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال اور بدعنوانی کے الزامات پر ایف آئی آر درج: ذرائع
ایک طرف ملک بھر میں کچے کے ڈاکوئوں کی دہشت پھیلی ہوئی ہے جبکہ حکومت و انتظامیہ کی طرف سے وعدے دعوئوں کے باوجود ان پر قابو پانے میں ناکام ہے تو دوسری طرف ایک ایسے ریٹائرڈ پولیس افسر کو گرفتار کر لیا گیا ہے جس نے کچے کے علاقے میں پوسٹنگ کے دوران کروڑوں کے غیرقانونی اثاثے بنا لیے۔ ملکی خبررساں جریدے ڈان نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق اینٹی کرپشن سٹیبلشمنٹ (اے سی ای) کی طرف سے ایک کارروائی کے دوران ریٹائرڈ پولیس اہلکار گرفتار کر لیا گیا ہے۔
جریدے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اینٹی کرپشن سٹیبلشمنٹ کی انکوائری میں انکشاف سامنے آیا ہے کہ گرفتار کیے گئے ریٹائرڈ پولیس اہلکار نے رحیم یار خان میں کچے کے علاقے میں اپنی تعیناتی کے دوران غیرقانونی کاشتکاری اور کرپشن سے کروڑوں روپے کی جائیداد ہتھیا لی۔ اے سی ای نے سابق ایس ایچ او رفیق احمد کو کرپشن سے 1 ارب روپے کے غیرقانونی اثاثے بنانے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ملزم نے بطور ایس ایچ او اپنے اختیارات اور عہدے کا غیرقانونی استعمال کرتے ہوئے 1444 کنال زمین پر غیرقانونی طور پر کاشتکاری کی اور 2018ء میں حضرت خواجہ غلام فرید کے علاقے میں واقع 1384 کنال وقف اراضی حاصل کی اور غیرقانونی طور پر کاشتکاری کی۔ ملزم کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال اور بدعنوانی کے الزامات پر ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔
انکوائری میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ملزم رفیق احمد نے اپنے بیٹے کے نام پر مختلف جگہوں پر جائیدادیں خرید رکھی ہیں جن میں رحیم یار خان کے علاقہ محلہ اسلام نگر میں 1 کنال کا قیمتی پلاٹ اور کچی زمان کے علاقے میں کروڑوں روپے مالیت کی 4 کنال اراضی شامل ہے۔ ملزم نے کرپشن کے ذریعے غیرقانونی ذرائع سے حاصل کی گئی آمدنی سے بے نامی جائیدادوں کے علاوہ 4 قیمتی گاڑیاں بھی خریدیں۔
ابتدائی تفتیش کے بعد اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ ملزم نے اختیارات کے ناجائز استعمال اور کرپشن سے 1 ارب روپے سے زیادہ کا مالی فائدہ حاصل کیا۔ ڈائریکٹر جنرل اے سی ای سہیل ظفر چٹھہ کا کہنا تھا کہ بدعنوان عناصر کے خلاف اینٹی کرپشن افسران کو بلاتفریق کارروائیاں کرنے کی ہدایات جاری کر رکھی ہیں اور پنجاب بھر کے افسران کی کارکردگی کا جائزہ بھی لیا جا رہا ہے۔