کرغزستان سے طلباء کا کراچی پہنچنے کا سلسلہ جاری، ایئر پورٹ پر جذباتی مناظر

karghai1h11h2i.jpg


کرغزستان میں پھنسے پاکستانی طلباء کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے، کراچی ایئر پورٹ پر طلباء نے واپسی پر آپ بیتی سنائی ، اس موقع پر کئی طلباء آبدیدہ ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک سے کراچی واپس والے طلباء نے ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بشکیک میں حالات اچھے نہیں ہیں، وہاں کچھ اچھے لوگ اگر ہماری مدد کرنا چاہ بھی رہے ہیں تو نہیں کررپارہے،جو ٹکٹ پہلے 50ہزار کا تھا وہ ایک لاکھ 70ہزار روپے کا ہوگیا ہے۔

طلباء نے مزید کہا کہ بشکیک کی یونیورسٹی انتظامیہ نے ہم سے کہا کہ ابھی آپ واپس اپنے ملک چلے جائیں جیسے ہی حالات بہتر ہوں گے تو آپ کو واپس بلوالیا جائے گا، اس دوران آن لائن کلاسز جاری رہیں گی، بشکیک میں ابھی طلباء کی بڑی تعداد موجود ہے جن میں اکثریت لڑکیوں کی ہے۔

پاکستانی طلباء کا کہنا تھا کہ بشکیک سے سرکاری فلائٹس کی تعداد بہت محدود ہے، زیادہ تر فلائٹس دیگر ممالک سےکنکٹنگ ہیں جس کی وجہ سے کرایے بھی زیادہ ہیں۔

اس موقع پر طلباء نے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ ان کی کوششوں سے سندھ کے طلباء کی واپسی ممکن ہوئی ہے، طلباء کی واپسی کیلئے کردار ادا کرنے والے تمام افراد بالخصوص گورنر سندھ کے شکر گزار ہیں۔