
کراچی میں افغان کرکرے گینگ نے پولیس کو تگنی کا ناچ نچادیا ہے پولیس کی متعدد کوششوں کے باوجود ایک بھی ملزم پکڑا نہیں گیا۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کراچی شہر میں درجنوں وارداتیں کرنے والے کرکرے گینگ کے کارندے پولیس کی پہنچ سے تاحال باہر ہیں اور اپنی وارداتیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق گینگ نے کراچی کے پوش علاقوں ڈیفنس، کلفٹن کے گھروں میں لوٹ مار کو اپنا مشغلہ بنایا ہوا ہےجہاں کے گھروں سے وہ بھاری مالیت میں نقدی، طلائی زیورات اور دیگر قیمتی سامان لوٹتے اور فرار ہوجاتے ہیں۔
گینگ کی متعدد وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آچکی ہیں مگر اس کے باوجود پولیس ملزمان کو پکڑنے میں ناکام ہے اور شہری مالی نقصان کا نشانہ بنتے جارہے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گینگ اپنی ہر واردات کیلئے سفید یا سلور کورولا گاڑی استعمال کرتے ہیں جس میں ہر بار کوئی نئی جعلی نمبر پلیٹ لگی ہوتی ہے، ڈیفنس اور کلفٹن میں لوٹ مار کی وارداتیں 2 گروہوں کی جانب سے کی جاتی ہیں جن میں ایک کرکرے گینگ ہے جو 60 فیصد وارداتوں میں ملوث ہے۔
ایس ایس پی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ کرکرے گینگ کے 100 سے زائد کارندے لوٹ مار کی واردارتوں میں ملوث ہیں جلد اس گینگ اور اس جیسے دیگر جرائم پیشہ گروہوں کو گرفتار کرلیں گے۔
دوسری جانب شہریوں نے بڑھتی ہوئی لوٹ مار کی وارداتوں اور پولیس کی جانب سے ملزمان کی عدم گرفتاری پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور ایوان اقتدار سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر کو جرائم پیشہ عناصر سے پاک کرنے کیلئے اقدامات کیے جائیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/3sindh.jpg