برطانوی اخبار ٹیلی گراف نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت نے کراچی پورٹ پر حملے کی تیاری کرتے ہوئے اپنا مغربی بحری بیڑا شمالی بحیرہ عرب میں پاکستانی ساحل کے قریب تعینات کر دیا ہے، جس سے خطے میں کشیدگی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بھارتی بحری بیڑے میں ایک ایئرکرافٹ کریئر، کئی ڈسٹرائرز، فریگیٹس اور اینٹی سب میرین جنگی جہاز شامل ہیں۔ ان میں سے بعض جہازوں پر جدید براہموس سپرسونک کروز میزائل نصب ہیں، جو 500 میل تک اپنے ہدف کو انتہائی تیز رفتاری سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
https://twitter.com/x/status/1920909039153684760
برطانوی اخبار کے مطابق یہ بحری بیڑا کراچی کے ساحل سے تقریباً 300 سے 400 میل کے فاصلے پر موجود ہے، جو کسی بھی ممکنہ کارروائی کے لیے ایک اسٹریٹیجک پوزیشن سمجھی جا رہی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت کے اس اقدام نے نہ صرف دونوں ایٹمی طاقتوں کے درمیان کشیدگی کو نئی بلندیوں تک پہنچا دیا ہے بلکہ عالمی سطح پر بھی شدید تشویش پیدا کر دی ہے۔ ماہرین کے مطابق اس قسم کی فوجی نقل و حرکت کسی بھی غلط فہمی یا اشتعال انگیز واقعے کی صورت میں کھلی جنگ میں تبدیل ہو سکتی ہے۔