
کراچی کے علاقے شیرشاہ میں گزشتہ روز ہونے والے دھماکے میں سترہ افراد جان سے گئے، دھماکے کی تحقیقات جاری ہیں،تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ شیرشاہ نالے پر تجاوزات سائٹ انڈسٹریل ٹریڈنگ اسٹیٹ لمیٹڈ، جسے سائٹ لمیٹڈ بھی کہتے ہیں، نے کروائی ہے۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ ساؤتھ زون کے انچارج غلام مصطفیٰ آرائیں کی رپورٹ کے مطابق دھماکا نالے میں گیس بھرجانے کے باعث ہوا اور اس حادثے میں تخریب کاری کا کوئی ثبوت نہیں ملا،شیرشاہ نالہ شہر کے 38 برساتی نالوں میں شامل ایک چھوٹا نالہ ہے۔
نالے کی کل لمبائی 2.01 کلو میٹر ہے، شیرشاہ نالہ شاہین اسٹاپ سے شروع ہوتا ہے اور اردو بازار سے ہوتا ہوا لیاری ندی میں گرتا ہے۔ انتظامی طور پر اس نالے کا آدھا حصہ سائٹ لمیٹڈ کے پاس ہے اور آدھا حصہ کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے پاس ہے۔
شیرشاہ نالے کے دونوں حصوں پر، جو سائٹ لمیٹڈ اور کے ایم سی کی حدود میں آتا ہے، پر تجاوزات قائم ہیں، شیرشاہ نالے کا وہ حصہ جہاں ہفتے کے روز دھماکا ہوا وہ پراچہ چوک کا مقام ہے جہاں ایک عمارت قائم کی گئی ہے اور دھماکا اسی مقام پر ہوا۔
سائٹ لمیٹڈ حکومت سندھ کے زیر انتظام چلنے والا ادارہ ہے، جس کو ایک بورڈ کے تحت چلایا جارہا ہے، اس کے 15 ممبرز ہیں جن میں سے 8 ممبران کا انتخاب حکومت سندھ کرتی ہے۔ 15 رکنی بورڈ کی سربراہی سیکریٹری انڈسٹریز کرتے ہیں۔
سیکریٹری پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ، سیکریٹری ایکسائز ایند ٹیکسیشن، ایم ڈی سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ، سی ای او کے الیکٹرک اور چیئرمین ایریا الیکٹرک بورڈ، حیدرآباد اس کے ممبرز ہیں۔ سائٹ لمیٹڈ کو منیجنگ ڈائریکٹر چلاتے ہیں جس کا انتخاب بھی سندھ حکومت کرتی ہے۔
ضلع کیماڑی کے ڈپٹی کمشنر مختار ابڑو نے سماء ڈیجیٹل سے گفتگو میں بتایا کہ تقریباً ایک ماہ قبل دھماکے کے مقام سے کچھ فاصلے پر ایک اور دھماکا ہوا تھا اور وہ دھماکا بھی نالے میں گیس بھر جانے کی وجہ سے ہواتھا۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ جن دکان مالکان کو ںوٹس جاری کئے گئے، وہ ان کے دفتر آئے اور ان کو بتایا کہ یہ جگہ سائٹ لمیٹڈ کی ہے اور وہ سائٹ لمیٹڈ کو کرایہ دیتے ہیں۔ ان کے مطابق دکانداروں نے انہیں کرایہ ادا کرنے کی رسیدیں بھی دکھائیں، جس پر سائٹ لمیٹڈ کو خط لکھا گیا تاکہ تصدیق ہوسکے کہ یہ تکاوازات کس نے قائم کی ہیں لیکن ایک ماہ گزر جانے کے بعد بھی سائٹ لمیٹڈ سے تاحال کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق شیرشاہ نالے پر ایک دو نہیں بلکہ کئی دکانیں قائم کر کے مارکیٹ بنادی گئی ہے، جس سے سائٹ لمیٹڈ کرایہ وصول کررہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہاں 50 کے قریب دکانیں، ایک مسجد اور متعدد گھر بھی واقع ہیں۔
دوسری طرف سائٹ لمیٹڈ کے ترجمان کامران عثمان نے بھی سما ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کردی ہے کہ نالے کا وہ مقام جہاں دھماکا ہوا،وہ سائٹ لمیٹڈ کے زیرانتظام ہے لیکن نالے پر تجاوزات سائٹ لمیٹڈ نے نہیں کروائیں۔
ترجمان سائٹ لمیٹڈ نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ سائٹ لمیٹڈ نالے پر قائم تجاوازات سے کمائی بھی کررہا ہے،اگر تجاوزات سائٹ لمیٹڈ کی حدود میں ہوئی ہیں تو کرایہ بھی سائٹ لمیٹڈ ہی وصول کریگا۔
شیرشاہ دھماکے کا مقدمہ سائٹ بی تھانے میں ایس ایچ او کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے،دھماکے سے نجی بینک کی عمارت سمیت دیگر عمارتیں ملبے کا ڈھیر اور متعدد گاڑیاں تباہ ہوئیں،پی ٹی آئی رہنما عالمگیر خان کے والد بھی حادثے میں جاں بحق ہوئے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/shers-shahh11.jpg