آج (4 فروری) کو ختم ہونے والے کاروباری ہفتے کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر 13 روپے 98 پیسے اور اوپن مارکیٹ میں 14 روپے تک مہنگا ہوا ہے۔
روپے کے مقابلے دیگر غیر ملکی کرنسیوں کے حوالے سے جاری ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق روپے کی قدر میں کمی کا سلسلہ رواں ہفتے بھی جاری رہا، اور روپے کے مقابلے میں انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں 13 روپے 98 پیسے اضافہ ہوا ہے، رواں ہفتے کے اختتام پر انٹر بینک میں ڈالر 262.60 روپے سے بڑھ کر 276.58 روپے بلند سطح پر بند ہوا۔
رپورٹ کے مطابق اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر اور دیگر کرنسی مہنگی ہوئی ہیں، ایک ہفتے میں اوپن مارکیٹ میں ڈالر 14 روپے مہنگا ہوا ہے، اس کی قیمت 269 روپے سے بڑھ کر 283 روپے کی بلند سطح پر پہنچ گئی ہے۔
ایک ہفتے میں یورو 9.50 روپے مہنگا ہوکر 296.50 روپے کا ہو گیا جبکہ برطانوی پاؤنڈ 10 روپے مہنگا ہوکر 336 روپے کا ہوگیا۔ اسی طرح اس ہفتے میں امارتی درہم 3.20 روپے مہنگا ہوکر 76.20 روپے اور سعودی ریال 3 روپے مہنگا ہوکر 74 کی بلند سطح پر پہنچ گیا ہے۔