
پاکستان کی 7 ویں مردم شماری کی ڈیجیٹل فائنڈنگ رپورٹ جاری۔۔پاکستان میں 29.75 فیصد افراد کے کنوارے ہونے کا انکشاف
ایک طرف ملک کی آبادی بڑھ رہی ہے تو اس کے ساتھ ساتھ ہی کنوارے شہریوں کی شرح میں بھی اضافہ ہوتا جا رہا ہے جس کی رپورٹ بھی منظرعام پر آگئی ہے۔ پاکستان میں غیرشادی افراد کے حوالے سے ساتویں مردم شماری پر ادارہ شماریات کی ڈیجیٹل فائنڈنگ رپورٹ جاری کی گئی ہے جس میں انکشاف ہوا ہے کہ ملک بھر میں 29 اعشاریہ 75 فیصد شہری کنوارے ہیں اور ملک میں شادی شدہ شہریوں کی شرح 65 اعشاریہ 97 فیصد ہے۔
ادارہ شماریات کی ڈیجیٹل فائنڈنگ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں شادی شدہ شہریوں کی شرح 65 اعشاریہ 97 فیصد جبکہ بیوائوں کی شرح 3.78 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ پاکستان میں طلاق یافتہ شہریوں کی شرح 0 اعشاریہ 35 فیصد اور طلاق حاصل کرنے والے شہریوں کی شرح 0 اعشاریہ 15 فیصد بتائی گئی ہے۔
ڈیجیٹل فائنڈنگ رپورٹ کے اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں رہنے والے 79 فیصد شہری 40 برس سے کم عمر کے ہیں جبکہ 40 اعشاریہ 56 فیصد شہریوں کی عمر 15 برس سے کم ہے۔ 15 سے 29 برس کے شہریوں کی آبادی 26 فیصد جبکہ پاکستان کی کل آبادی کا 79 فیصد 40 برس سے کم عمر کے شہریوں پر مشتمل ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان میں آبادی میں اضافے کی شرح خطے میں سب سے زیادہ ریکارڈ ہوئی تھی اور موجودہ تناسب سے 2050ء تک پاکستان کی آبادی دوگنی ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ پاکستان میں 21 لاکھ 26 ہزار 79 چائنیز، بنگالی، افغانی اور دیگر ملکوں کے لوگ رہائش پذیر ہیں جبکہ 80 لاکھ عیسائی، ہندو ودیگر مذہب کے لوگ رہائش پذیر ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 5 سے 16 برس تک کے مجموعی طور پر 2 کروڑ 53 لاکھ 70 ہزار بچے سکولوں سے باہر ہیں جن میں سے پنجاب میں 96 لاکھ، سندھ میں 78 لاکھ، خیبرپختونخوا میں 49 لاکھ اور بلوچستان میں 50 لاکھ سے زیادہ بچے سکول سے باہر ہیں۔ پاکستان کی کل آبادی کے 3.10 فیصد شہری معذور ہیں جن میں مردوں کی شرح 3.30فیصد جبکہ خواتین کی 2.88 فیصد ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/kanwai1h112.jpg