
مظفر گڑھ میں دوران ڈیوٹی ڈکیتی کا شکار ہونے والے میپکو اہلکاروں نے مقدمہ درج نا ہونے پر علاقے کی بجلی بند کردی۔
تفصیلات کے مطابق انوکھا واقعہ جنوبی پنجاب کے شہر مظفر گڑھ کے علاقے چاہ بلوچی والا میں پیش آیا جہاں ملتان الیکٹرک پاور سپلائی کمپنی کے ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں کے ساتھ ڈکیتی کا واقعہ پیش آیا جس کے بعد میپکو اہلکار مقدمہ درج کروانے کیلئے متعلقہ تھانے پہنچے۔
تاہم پولیس کی جانب سے مقدمہ درج نا کرنے پر میپکو اہلکاروں نے احتجاجا علاقے کی بجلی منقطع کردی،علاقہ مکینوں کے مطابق 24 گھنٹے گزرنے کےباوجود علاقے کی بجلی بحالی نہیں کی گئی ہے۔
واپڈا ہائیڈروالیکٹرک لیبر یونین نے دھمکی دی ہے کہ اگر مقدمہ درج نا ہوا تو شہر بھر کی بجلی منقطع کردیں گے۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ میپکو اہلکاروں کی شکایت پر تحقیقات جاری ہیں، شواہد ملنے پر قانونی کارروائی آگےبڑھائی جائے گی۔