چین کی ایران پر اسرائیلی حملےکی مذمت،خطرناک فوجی اقدامات فوری روکنےکامطالبہ

14085117fb406ac.jpg


اقوام متحدہ میں چین کے سفیر فو کانگ نے اسرائیل کی جانب سے ایران کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کی سخت مذمت کی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل فوری طور پر اپنے تمام خطرناک فوجی اقدامات بند کرے۔


برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق، فو کانگ نے یہ موقف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں اختیار کیا، جو مشرق وسطیٰ کی حالیہ صورتِ حال پر بلایا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ چین ہر اُس اقدام کی مخالفت کرتا ہے جو تنازعات کو ہوا دے اور کشیدگی میں اضافہ کرے، جبکہ اسرائیل کے اقدامات کے ممکنہ خطرناک نتائج پر چین کو گہری تشویش ہے۔


فو کانگ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ چین موجودہ کشیدہ حالات کے ایرانی جوہری معاملے پر سفارتی کوششوں پر منفی اثرات سے سنجیدگی سے پریشان ہے۔


واضح رہے کہ اسرائیل نے جمعہ کی صبح ایران پر بڑے پیمانے پر حملے شروع کیے تھے، جن کے بارے میں اسرائیلی حکومت کا کہنا ہے کہ یہ تہران کو جوہری ہتھیار بنانے سے روکنے کے لیے ایک طویل فوجی کارروائی کی شروعات ہے۔


جواب میں ایران نے جمعے کی رات اسرائیل پر بھرپور فضائی حملے کیے، جن کے نتیجے میں یروشلم اور تل ابیب میں زوردار دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔


چین نے اسرائیل اور ایران میں موجود اپنے شہریوں کے لیے ایک ایڈوائزری جاری کی ہے، جس میں انہیں دونوں ممالک میں پیچیدہ اور خطرناک سیکیورٹی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے خاص طور پر اسرائیل میں ممکنہ میزائل اور ڈرون حملوں سے محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
 

Back
Top