
گزشتہ روز ہونے والی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی ورچوئل میٹنگ کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، ریمبو کہہ کر مخاطب کرنے پر باسط علی اور نئے چیئرمین رمیز راجہ کے درمیان تلخ کلامی کا واقعہ پیش آیا۔
تفصیلات کے مطابق نئے چیئرمین پی سی بی نے پاکستان کرکٹ کو بہتر بنانے کا بیڑا اُٹھا لیا، ورچوئل میٹنگ میں صوبائی ٹیموں کے کوچز کے ساتھ موجودہ پرفارمنس پر ڈانٹ ڈپٹ کی اور پرفارمنس میں بہتری کا واضح پیغام دیا۔
میٹنگ کے دوران باسط علی نے چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کو ریمبو کہہ کر مخاطب کیا جس پر وہ غصے میں آگئے۔ چیئرمین پی سی بی ریمبو پکارے جانے پر غصے سے بھرپور ردعمل دیکھ کر دیگر ٹیموں کے کوچز بھی محتاط ہو گئے اور پورے اجلاس کے دوران کسی نے بھی موضوع کے علاوہ بات کرنے سے احتیاط کی۔
چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے سخت لہجے میں باسط علی کو جواب دیا اور کہا کہ مسٹر باسط، میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا چیئرمین ہوں، ذرا سنبھل کر بات کریں۔
چیئرمین پی سی بی نے شاہد اسلم کی کوچنگ پر بھی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے دیگر تمام کوچز کو پیغام دیا کہ وہ دوستیاں نہ نبھائیں بلکہ کوچنگ کا حق ادا کریں۔
اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے کرکٹ ایسوسی ایشنز کے فرسٹ بورڈز کے عہدیداران سے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں ملاقات کی، شرکاء سے کرکٹ سے متعلق اپنے نظریے پر تبادلہ خیال کیا، رمیز راجہ نے اسکول اور کلب کرکٹ کی سرگرمیوں کو جلد از جلد بحال کرنے اور نوجوانوں کو اس سطح پر بہترین سہولیات فراہم کرنے کا کہا، انہوں نے سکول کی سطح پر ماحول فراہم کرنے کے لیے انفراسٹرکچر کو اپ گریڈ کرنے پر بھی زور دیا۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی گزشتہ روز ہونے والی ورچوئل میٹنگ میں نئے چیئرمین رمیز راجہ نے صوبائی ٹیموں کے کوچز کو پرفارمنس میں بہتری کا واضح پیغام دیا تھا۔
کرکٹ بورڈ کے ورچوئل اجلاس میں چیئرمین رمیز راجہ نے صوبائی ٹیموں کی کوچز کی کارکردگی پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جو اچھا کام کرے گا، وہ ہی رہے گا بصورت دیگر گھر جائیں۔ انہوں نے مزید ہدایت دی کہ مستقبل میں ٹیم سلیکشن امور میں کوچز کو شامل نہیں کیا جائے گا۔
چیئرمین پی سی بی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے واضح کہا کہ پاکستان کرکٹ کو ٹھیک کرنے کے لیے بہت سی تبدیلیاں لائی جارہی ہیں لہذا سب ایمانداری سے ٹھیک کام کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کھلاڑیوں کی بہتر پرفارمنس کے لیے بورڈ پلاننگ کا ازسر نو جائزہ لینے کی بھی ہدایت کی۔
- Featured Thumbs
- https://i.ibb.co/cXjKPkw/8.jpg