چیئرمین ایف بی آرکا امیر طبقے کی جانب سے 1233 ارب روپے ٹیکس چوری کا انکشاف

AA1GztRa.img

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین راشد لنگڑیال نے انکشاف کیا ہے کہ ملک کے امیر طبقے نے 1233 ارب روپے کے ٹیکس واجبات ادا نہیں کیے۔ اجلاس کی صدارت سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کی، جس میں ایف بی آر حکام نے شرکت کی۔


چیئرمین ایف بی آر نے بتایا کہ پاکستان کی صرف 5 فیصد آبادی کے پاس دولت ہے، جبکہ ملک کی 95 فیصد آبادی ٹیکس ادا کرنے کی صلاحیت ہی نہیں رکھتی۔ ان کے مطابق ملک میں 6 لاکھ 70 ہزار امیر گھرانے ہیں، جن میں سے ٹاپ 1 فیصد کی سالانہ اوسط آمدنی ایک کروڑ روپے ہے۔ یہ 5 فیصد لوگ مجموعی طور پر 1700 ارب روپے ٹیکس دینے کے پابند ہیں، مگر صرف 499 ارب روپے جمع کرواتے ہیں، اور 1233 ارب روپے کا ٹیکس چوری کیا جاتا ہے۔



https://twitter.com/x/status/1933859928034160957
چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ امیر طبقے سے زیادہ ٹیکس وصول کیا جائے، بجائے اس کے کہ ٹیکس نیٹ میں بے تحاشہ اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں صرف 60 لاکھ ٹیکس فائلرز ہیں، جب کہ 13 کروڑ 20 لاکھ افراد 18 سال سے کم عمر، بزرگ یا لیبر فورس سے باہر ہیں۔


سینیٹر شبلی فراز نے ٹیکس نظام پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایف بی آر کمشنرز کو جو اختیارات دیے گئے ہیں وہ ملک کو پولیس اسٹیٹ بنا رہے ہیں، اس طریقہ کار سے تو ایماندار لوگ بھی نظام سے بھاگ جائیں گے۔ انہوں نے ایف بی آر پر زور دیا کہ پکڑ دھکڑ کے بجائے اصلاحات کی طرف توجہ دی جائے۔


سینیٹر فاروق ایچ نائیک اور سلیم مانڈوی والا نے منی لانڈرنگ سے متعلق نوٹسز کے اجرا پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی کمپنی کو اینٹی منی لانڈرنگ (AML) کا نوٹس دینے سے پہلے وزیر خزانہ اور چیئرمین ایف بی آر کی منظوری لازمی ہونی چاہیے، کیونکہ ایسے نوٹسز پر بین الاقوامی ادارے تحقیقات شروع کر دیتے ہیں اور کمپنیوں کے بینکنگ چینلز بند ہو جاتے ہیں۔


ایف بی آر حکام نے یہ بھی بتایا کہ ٹیمپرڈ چیسس نمبر یا غیر قانونی مہر والی گاڑیوں کو اسمگل شدہ تصور کیا جائے گا، اور ایسی گاڑیوں کو ضبط کر کے 30 دن میں تلف کر دیا جائے گا، چاہے وہ کسی موٹر رجسٹریشن اتھارٹی کے ساتھ رجسٹرڈ ہی کیوں نہ ہوں۔


قائمہ کمیٹی نے آخر میں مزدور کی کم از کم تنخواہ 40 ہزار روپے ماہانہ مقرر کرنے کی سفارش بھی کر دی۔
 

Back
Top