
پاکستان کو دیرپا معاشی بہتری کے راستے پر گامزن کرنا چاہتے ہیں، آئینی نظام اور جمہوریت کی مکمل حمایت کرتے ہیں : نیڈ پرائس
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈ پرائس نے پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کی خواہش ہے کہ پاکستان ایک مستحکم، پرامن اور خوشحال ملک بنے، پاکستانی عوام بہت سے معاشی مسائل کی وجہ سے بڑھتی مہنگائی کا سامنا کر رہی ہے۔ پاکستان کو دیرپا معاشی بہتری کے راستے پر گامزن کرنا چاہتے ہیں، پاکستان میں آئینی نظام اور جمہوریت کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ پاکستان کے عوام اپنے سیاسی فیصلوں میں خودمختار ہو۔
پریس بریفنگ کے دوران ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے نیڈ پرائس نے کہا کہ امریکا پاکستان اور بھارت کے درمیان دیرینہ تنازعات کے حل کے لیے ثالثی کے لیے تیار ہے اگر دونوں ممالک رضامند ہوں۔
دونوں ممالک امریکہ کے کسی خاص کردار پر متفق ہو جاتے ہیں تو وہ ایک پارٹنر کے طور پر کام کرنے کو تیار ہے لیکن یہ امریکہ کا کام نہیں کہ طریقہ کار کا تعین بھی امریکہ کرے۔
چند دن پہلے جنوبی ایشیا کے امن وسلامتی بارے جاری ہونے والی امریکی انٹیلی جنس رپورٹ پر سوال کے جواب میں کہا کہ اس کی بنیادی وجہ پاکستان اور بھارت کے درمیان موجود کشیدگی ہے۔
ہم تعمیری بات چیت کے حامی ہیں، بھارت اور پاکستان کو پیغام بھیجا ہے کہ دیرینہ تنازعات کو حل کرنے کیلئے سفارتکاری کی حمایت کرتے ہیں۔ ہم ہر طرح سے تیار ہیں لیکن آخرکار فیصلہ تو پاکستان اور بھارت کو خود ہی کرنا ہے۔
علاوہ ازیں انہوں نے پاکستان کے آئی ایم ایف سے جاری مذاکرات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پائیدار ترقی کیلئے پاکستان عالمی مالیاتی اداروں اور آئی ایم ایف کیساتھ کام کررہا ہے ، اقتصادی، سکیورٹی، سیاسی چیلنجزپر امریکہ پاکستان کا شراکت دار بننے کو تیار ہے۔ آئی ایم ایف فنڈنگ کی راہ کھولنے کیلئے تمام فیصلے پاکستان کو ہی کرنے ہیں۔ اصلاحات سے پاکستان کو سرمایہ کاروں کو راغب کرنے میں مدد ملے گی۔