
حکمران اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے چیف جسٹس اور دیگر ججز سے الیکشن کیس سے دستبردار ہونے کا مطالبہ کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اتحادی جماعتوں کا اجلاس ہوا، اجلاس میں سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان ، سابق صدر مملکت آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز شریف سمیت تمام جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی، اجلاس میں مسلم لیگ ن کے قائد میاں نوازشریف لندن سے ویڈیو لنک کے ذریعے شریک تھے۔
اجلاس میں حکمران اتحاد نے چیف جسٹس کی سربراہی میں قائم کردہ سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اہم فیصلے کیے، جن میں ملک کی تمام اسمبلیوں کے انتخابات ایک دن میں منعقد کروانے کا فیصلہ سرفہرست تھا۔
اجلاس کے بعد جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ بدقسمتی سے ملک کے انتظامی مسئلے کو آئینی و سیاسی بحران میں تبدیل کردیا گیا ہے، سپریم کورٹ کا لارجر بینچ پہلے ہی تین کے مقابلے میں چار کی اکثریت سے انتخابی درخواستیں مسترد کرچکا ہے، چیف جسٹس اپنے اقلیتی فیصلے کو اکثریت پر مسلط کرنا چاہتے ہیں۔
اعلامیہ کے مطابق اس دوران جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے زیر سماعت مقدمات پر کارروائی سے روکنے کا کہا ہے، اس فیصلے کا احترام کرنا سب پر لازم ہے، جسٹس اعجاز الاحسن کا دوبارہ تین رکنی بینچ میں شامل ہونا سراسر غیر منصفانہ ہے، سیاستدانوں سے کہا جارہا ہے کہ وہ مل کر بیٹھیں مگر سپریم کورٹ خود تقسیم کا شکار ہے۔
پی ڈی ایم جماعتوں کا کہنا تھا کہ اس وقت حالات کا تقاضہ ہے کہ چیف جسٹس اور دیگر دو ججز انتخابی کیسز سےمتعلق مقدمات سے دستبردار ہونے کا اعلان کریں، انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کا اختیار ہے، سپریم کورٹ کو ایک آزاد اور خودمختار الیکشن کمیشن کے اختیارات میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے، سپریم کورٹ میں چار رکنی اکثریتی فیصلے کو مانتے ہوئے موجودہ عدالتی کارروائی ختم کی جائے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/16pdmelectionmutalaba.jpg