
سندھ کے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مبینہ طور پر دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے جماعت اسلامی نے ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری ہے، پولنگ ایجنٹس کے نتائج سے جماعت اسلامی کی جیت بالکل واضح ہے، تاہم نتائج میں تاخیر شکوک و شہبات پیدا کررہے ہیں، عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ ملک کے تمام بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں ۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ میں گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی کراچی کے سربراہ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ 94 سیٹیں تو ہم جیت چکے ہیں جبکہ 8 سے 10 سیٹیوں پر ہمارا تنازعہ چل رہا ہے،ایک حلقے میں چوتھے نمبر پر آنے والی پیپلزپارٹی جسے جماعت اسلامی کے امیدوار نے 7 ہزار ووٹوں سے شکست دی کو جتوا دیا گیا ہے، نمبر ون پارٹی کو دوسرے نمبر کی پارٹی بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی نے پی ٹی آئی کی بھی 8 سے 10 نشستیں اپنے کھاتے میں ڈال لی ہیں،ہم نے کراچی کے تین ضلعوں میں کلین سوئیپ کیا ہے، آپ ہماری اکثریت کو اقلیت میں بدل رہے ہیں،ایسا مت کریں، پہلے جو جیتا ہے اس کی جیت تسلیم کریں پھر آگے بڑھیں گے۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ الیکشن کمیشن، حکومت سندھ اور پیپلزپارٹی سے سوال ہے کہ پوسٹ پول دھاندلی سے باز رہیں، چیزوں کو ٹھیک کریں پھر آگے بات ہوگی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/15hafizmaeemihtjaj.jpg