
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے گرفتار رہنما اور مستعفیٰ رکن قومی اسمبلی صالح محمد کی ضمانت منظور کرلی گئی ہے۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مانسہرہ سےپاکستان تحریک انصاف کی ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے والے اور اپنی نشست سے استعفیٰ دینے والے رہنما صالح محمد کی ضمانت منظور کرلی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت کےجج راجہ جواد عباس نے صالح محمد کی درخواست ضمانت پر سماعت کی، دوران سماعت صالح محمد کی جانب سے ڈاکٹر بابر اعوان بطور وکیل پیش ہوئے اور ان کی ضمانت کے حق میں دلائل دیئے۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں پرصالح محمد کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنےکے احکامات جاری کیے اور صالح محمد کو ضمانتی مچلکے جمع کروانے کی ہدایات کیں۔
واضح رہے کہ صالح محمد کو چند روز قبل الیکشن کمیشن کے باہر ذاتی گارڈز کی فائرنگ پر مقدمہ درج کرکے گرفتار کیا گیا تھا،دوران حراست ان کے گلے میں مقدمے کی تفصیلات درج کرکے بورڈ لٹکایا گیا اور تصویر بنائی گئی، یہ تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سخت ردعمل بھی سامنے آیا۔