
پی ٹی آئی نے سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس دائر کر دیا، سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر سینیٹر شہزاد وسیم کی قیادت میں ریفرنس اعظم سواتی نے جمع کرایا۔
پی ٹی آئی نے ریفرنس چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو جمع کرایا، ریفرنس میں یوسف رضا گیلانی کی اہلیت پر سوالات اٹھائے گئے ہیں، ریفرنس میں کہا گیا کہ یوسف رضا گیلانی نے 2008 میں آصف زرداری اور نواز شریف کو توشہ خانہ سے 4 قیمتی گاڑیاں دیں۔
ریفرنس میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ چونکہ یوسف رضا گیلانی نے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا، استدعا ہے کہ سابق وزیراعظم اور موجودہ سینیٹر یوسف رضا گیلانی کو سینیٹ سے بھی ڈی سیٹ کیا جائے، وہ سینیٹ کے رکن نہیں رہ سکتے۔
سینیٹر اعظم خان سواتی نے کہا کہ ریفرنس کی شکل میں اسے الیکشن کمیشن کو بھیجا جائے، یوسف رضا گیلانی نے اپنے حلف کی پاسداری نہیں کی، وہ آئین پاکستان کے آرٹیکل 63 کے تحت اب سینیٹ کے رکن نہیں رہ سکتے۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ریفرنس وصول کیا، انہوں نے کہا کہ قانون کے مطابق ریفرنس کا جائزہ لینگے۔