
وفاقی کابینہ نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ فیصلے سے آئین کا تحفظ یقینی ہوا، سپریم کورٹ کا ڈپٹی اسپیکر رولنگ سے متعلق کیس کا فیصلہ قابل ستائش اور ایک اہم سنگ میل ہے۔
وفاقی کابینہ نے تحریک عدم اعتماد سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پی ٹی آئی قیادت کے خلاف غداری کا مقدمہ قائم کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل دیدی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی صورتحال سمیت آئی ایم ایف سے ہونے والے معاہدے اور سپریم کورٹ کے تحریک عدم اعتماد سے متعلق تفصیلی فیصلے کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس میں کہا کہ کابینہ نے غداری کے مقدمے سے متعلق وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی ہے، کمیٹی سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں آئندہ کے اقدامات پر تجاویز دے گی۔
وفاقی وزیر نے بتایا کمیٹی میں وزارت اطلاعات کے علاوہ ، قمر زمان کائرہ اور تمام اتحادی جماعتوں سے ایک ایک ممبر شامل ہو گا۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اجلاس میں آئی ایم ایف سے معاہدے پر وزارت خزانہ اور وزیر خارجہ کے کردار کو سراہا گیا، وفاقی کابینہ کا مؤقف ہے کہ ملک تب ترقی کرے گا جب معیشت بہتر ہو گی، حکومت نے ایسا بجٹ پیش کیا ہے جس سے عام عوام کو ریلیف مل رہا ہے۔
وزیر اطلاعات نے یہ بھی بتایا کہ کابینہ نے وزارت داخلہ کی سفارش پر غیر ملکی باشندوں کو ایمنسٹی کی منظوری بھی دے دی ہے۔