
پیپلزپارٹی کے راجا پرویز اشرف بلا مقابلہ اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہوگئے ہیں،عہدے کا حلف اٹھا کر اسپیکر کی سیٹ سنبھال لی،سیٹ سنبھالتے ہی پی ٹی آئی اراکین کے استعفوں کی منظوری کا اقدام کالعدم قرار دے دیا۔
اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے ڈپٹی اسپیکر کی جانب سے استعفوں کی منظوری کے اقدام کو کالعدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسمبلی سیکرٹریٹ استعفے میرے سامنے پیش کریں، تاکہ ہم رولزکے مطابق کارروائی کریں۔
سردار ایاز صادق نے قومی اسمبلی میں اسپیکر کو بتایا کہ پی ٹی آئی ارکان کی جانب سے دیے گئے استعفے ہاتھ سے لکھے ہوئے نہیں جو رولز کے خلاف ہیں ، اسپیکر کو موصول ہونے والے استعفوں کی فرداً فرداً تصدیق بھی نہیں ہوئی۔
پاکستان تحریک انصاف کے ناراض رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض کا کہنا ہے کہ ہم قومی اسمبلی سے استعفے نہیں دے رہے، بلکہ ایوان میں رہ کر بھرپور کردار ادا کریں گے،ہمارا جو بھی کردار ہوگا وہ اسمبلی میں بیٹھ کرادا کریں گے، امید کرتے ہیں حکومت صحیح سمت میں چلے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ لوٹا صرف ایک ہے اور وہ عمران خان ہے، انہیں چاہیے تھا اپوزیشن میں بیٹھتے اور حکومت کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے،ہم پی ٹی آئی میں ہیں اور اس کا حصہ ہیں، جو بھگوڑے ہیں وہ بھاگ گئے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے کہا تھا کہ قائم مقام اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے 123اراکین اسمبلی کے استعفے منظور کرلیے ہیں،قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔