
تحریک انصاف کے رہنما و سابق معاون خصوصی شہبازگل کے اسسٹنٹ اظہار کی اہلیہ جسے وفاقی پولیس کی جانب سے گرفتار کیا گیا تھا اس کا ویڈیو بیان جاری ہوا ہے جو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے۔
اپنے ویڈیو بیان میں اظہار کی اہلیہ نے کہا ہے کہ وہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سمیت پوری قوم اور میڈیا کی بھی شکرگزار ہیں جو سب اس کی آواز بنے۔ انہوں نے کہا کہ ضمانت کے بعد پتہ چلا ہے کہ سب لوگ میرے ساتھ کھڑے تھے۔
اظہار اللہ کی اہلیہ نے کہا ہے کہ وہ اس بات پر سب کی تہہ دل سے مشکور ہیں کہ ساری قوم نے میری گرفتاری کی نہ صرف مذمت کی بلکہ ان کی گرفتاری کے خلاف آواز اٹھائی۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ انہیں اپنی بچی کے ساتھ دوبارہ ملوا دیا اس کے لیے بھی وہ شکرگزار ہیں۔
یاد رہے کہ 12 اگست کو شہباز گل کے اسسٹنٹ کی اہلیہ سائرہ کی ضمانت منظور کرتے ہوئے عدالت نے اس کی فوری رہائی کا حکم دیا تھا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ سلمان بدر نے 30 ہزار روپے مچلکوں پر ضمانت منظور کی تھی۔
جب کہ دوسری جانب مسلم لیگ ن کی رہنما ومرکزی نائب صدر مریم نواز نے اس معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ سے بات کی تھی. ان کا کہنا تھا کہ ہم تو اپنے دشمنوں کیساتھ بھی ایسا سلوک نہیں کرتے۔ یہاں تو معاملہ ایک خاتون اور اس کی ننھی بچی کا ہے۔ میں نے بات کر لی ہے۔ انشا اللہ خاتون کو جلد ہی رہا کر دیا جائے گا۔